سانگھڑ ؛ سندھ میں 8 ہزار 291ایڈز مریضوں کی تشخیص‘ 1679 ایڈز زدہ مریضوں کو ادویات فراہم کی گئیں

پیر 15 جون 2015 14:40

سانگھڑ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) سندھ میں 8,291 ایڈز مریضوں کی تشخیص‘ 1679 ایڈز زدہ مریضوں کو ادویات فراہم کی گئیں‘ صوبہ سندھ میں 21 ایچ آئی وی ٹیسٹنگ کلینکس اور 3 ایچ آئی وی ٹریٹمنٹ سینٹرز برائے بالغان کام کررہے ہیں جہاں پر ایڈز کے مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی جاتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام کے صوبائی پروگرام منیجر ڈاکٹر محمد یونس چاچڑ نے ایڈز کے متعلق آگاہی مہم کے سلسلے میں سانگھڑ میں ڈاکٹروں‘ دینی رہنماؤں ومیڈیا کے نمائندوں کے ساتھ منعقدہ ورکشاپ میں کیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر محمد یونس چاچڑ‘ ڈاکٹر سکندر اقبال‘ ڈاکٹر راجندرا کمار نے بتایا کہ ایچ آئی وی/ ایڈز کے مرض پر قابو پانے کیلئے اور اس مرض کے پھیلاؤ کو سندھ میں روکنے کیلئے مختلف اداروں کے ساتھ مل کر سندھ بھر میں بھرپور آگاہی مہم چلائی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

مارچ 2015ء تک سندھ میں کل 8,291 ایچ آئیوی/ ایڈز کے مریضوں کی تشخیص کی گئی جن میں سے 1679 افراد کو ادویات فراہم کی گئی جبکہ صوبہ سندھ میں46 جنسی امراض کلینکس‘ 21 ایچ آئی وی ٹیسٹنگ کلینکس‘ 3 ایچ آئی وی ٹریٹمنٹ سینٹرز برائے بالغان‘ 2 ٹریٹمنٹ سینٹر برائے اطفال اور 2 سینٹرز برائے ماؤں سے بچوں میں ایچ آئی ی کی منتقلی کی روک تھام کام کررہے ہیں جن میں تمام سہولیات مفت فراہم کی جارہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایڈز جیسے موذی مرض سے بچاؤ کا واحد ذریعہ احتیاط واسلامی تعلیمات ہیں جن پر عمل پیرا ہوکر اس مرض سے بچا جاسکتا ہے۔ اس مرض سے بچاؤ کیلئے آگاہی مہم وقت کی اہم ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :