ڈیرہ اسماعیل خان میں ماہرامراض مخصوصہ نے پرائیویٹ کلینکس میں عوام کودونوں ہاتھوں سے لوٹنے کاسلسلہ تیزکردیا

پیر 15 جون 2015 16:19

ڈیرہ اسماعیل خان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء)ڈیرہ اسماعیل خان میں ماہرامراض مخصوصہ نے پرائیویٹ کلینکس میں عوام کودونوں ہاتھوں سے لوٹنے کاسلسلہ تیزکردیا‘اپنے کلینکس میں ادویات کے سٹورقائم کرلئے‘نمک منڈی پشاور سے پچاس روپے سے ملنے والاانجکشن ہزاروں روپے میں فروخت ہونے لگا‘دوردرازعلاقوں سے آنیوالے غریب مریض مسیحاؤں کے انتظارمیں بغیرکھائے پئیے سارادن گزارنے پرمجبور‘ای ڈی اوصحت اورڈرگ انسپکٹرنے آنکھیں بندکرلیں۔

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں ماہرامراض مخصوصہ نے پرائیویٹ کلینکس میں عوام کولوٹنے کاسلسلہ تیزکردیاہے۔ان ڈاکٹرزنے اپنے پرائیویٹ کلینکس میں ادویات کیلئے اپنے ذاتی سٹورزقائم کررکھے ہیں۔ڈاکٹرزمریضوں کووہ ادویات لکھ کردے رہے ہیں جوصرف انہی کے سٹورزپردستیاب ہوں۔

(جاری ہے)

باقی پورے ضلع میں وہ ادویات ملتی ہی نہیں۔ان سٹوروں پرنمک منڈی پشاورسے ملنے والاپچاس روپے کاانجکشن ہزاروں روپے میں فروخت ہوتاہے۔

ڈاکٹروں کے پرائیویٹ کلینکس ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ کے سامنے واقع پرائیویٹ پلازوں‘ہسپتالوں‘بازاروں‘کینٹ مارکیٹ سمیت دیگرعلاقوں میں قائم ہیں۔ڈاکٹرزکے منشی مریضوں سے ڈاکٹرکیلئے وقت کیلئے پیسے لے لیتے ہیں اورمریض بیچارادوردرازعلاقوں سے صبح سویرے پہنچ جاتاہے لیکن ڈاکٹرزبارہ بجے دوپہرسے تین بجے تک دوپہرکے درمیان آتے ہیں۔

جسکے بعدوہ دیکھناشروع کرتے ہیں اورمریض بیچارارات کوبغیرکھائے پئیے بیٹھارہتاہے۔ڈاکٹرزکی طرف سے دیرسے آنے کی وجہ سے اکثرمریض شہرمیں رہنے پرمجبورہوجاتے ہیں۔اس ساری صورتحال میں ای ڈی اومحکمہ صحت ڈیرہ اورڈرگ انسپکٹرڈیرہ نے مکمل خاموشی اختیارکی ہوئی ہے۔عوامی حلقوں نے ان سے مطالبہ کیاہے کہ وہ اس بارے فوری کارروائی کریں تاکہ مریضوں کوسہولت مل سکے۔