امریکہ پاکستان کو رواں سال سولہ کروڑ 99لاکھ 38 ہزار 713 ڈالر کی ترقیاتی امداد دے گا ، سمجھوتے پر دستخط ،پاکستان میں اقتصادی ترقی سیاسی استحکام اور تعلیم یافتہ و صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے بھرپور تعاون جاری رہے گا ، امریکہ

پیر 24 ستمبر 2007 17:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24ستمبر۔2007ء ) امریکہ پاکستان کو رواں سال سولہ کروڑ 99لاکھ 38 ہزار 713 ڈالر کی ترقیاتی امداد دے گا اور امریکی حکومت نے اس عزم کو دہرایا ہے کہ وہ پاکستان میں اقتصادی ترقی سیاسی استحکام اور تعلیم یافتہ و صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے بھرپور تعاون جاری رکھے گا ۔ یہ امداد اس پانچ سالہ معاہدے کے تحت دی جارہی ہے کہ جس کے تحت ا مریکہ نے ان پانچ سالوں میں ڈیڑھ ارب ڈالر کی امداد دینا ہے پیر کو یہاں اس ضمن میں ترامیم پر دستخط کئے گئے یو ایس ایڈ کی پاکستان میں مشن ڈائریکٹر این آرنس اور پاکستان کی طرف سے سیکرٹری اقتصادی امور محمد اکرم ملک نے دستخط کئے ۔

انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعاون مستحکم بنانے کیلئے دی گئی امداد پر شکریہ ادا کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مشن ڈائریکٹر نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستانی شہریوں کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے پر ہمیں فخر ہے اقتصادی ترقی، سیاسی استحکام اور بہتر تعلیمی و صحت مند پاکستانی معاشرہ امریکہ کے مفاد میں ہے اور یہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مشترکہ کامیابی کی راہ ہموار کرتا ہے امریکہ ڈیڑھ ارب ڈالر کی امداد تعلیم، صحت، جمہوریت و حکومتی نظم ونسق، انسانی ترقی اور زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو کیلئے دے رہا ہے اضافی فنڈز کیلئے سالانہ بنیادوں پر سمجھوتے پر نظر ثانی کی جاتی ہے ۔

2002ء میں ہونے والے سمجھوتے میں یہ پانچویں مرتبہ ترمیم کی جارہی ہے جس کامقصد پاکستان کی ترقیاتی ضروریات کو پورا کرنا ہے جو امریکہ کا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قریبی اتحادی ہے ان ترامیم سے رواں سال پاکستان کو بیس کروڑ ڈالر زائد ملیں گے ۔ علاوہ ازیں یو ایس اے پانچ سال کیلئے پاکستان کو انسانی وسائل میں سرمایہ کاری کیلئے بھی ایک ارب ڈالر امدادد ے رہا ہے ۔