جنوبی کوریا میں مرس وائرس نے مزید دو افراد کی جان لے لی

پیر 22 جون 2015 16:05

سیئول۔22جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 جون۔2015ء) جنوبی کوریا میں مرس وائرس نے مزید دو افراد کی جان لے لی جس سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 27ہوگئی ۔جنوبی کوریا کی وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مرس وائرس سے ہلاک ہونے والے ان دونوں افراد کی عمریں 84اور 87برس تھیں جو کہ اتوار کی رات گئے اور پیر کی صبح کو القمہ اجل بننے ۔ بیان کے مطابق دونوں مذکورہ افراد کینسر کے موذی مرض کے خلاف بھی جنگ لڑ رہے تھے ۔

ان افراد میں سام سنگ میڈیکل سنٹر اور ڈائی چیونگ ہسپتال میں اپنے رشتہ داروں کے ساتھ روابط کے بعد مرس وائرس کی تشخیص ہوئی تھی ۔ بیان کے مطابق مرس وائرس کے مزید تین نئے کیسز بھی سامنے آئے ہیں جس سے متاثر افراد کی تعداد بڑھ کر 172ہوگئی ہے ۔ بیان کے مطابق اب تک 50افراد کو علاج کے بعد ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے جبکہ 14افراد کی حالت تشویشناک ہے ۔

(جاری ہے)

ادھر ملائیشیاء میں پڑوسی ملک تھائی لینڈ میں مرس وائرس کا پہلا کیس سامنے آنے کے بعد ملک کے تمام داخلی راستوں پر مرس وائرس کی سیکریننگ کا آغاز کر دیا ہے ۔ وزارت صحت کے نائب وزیر نے کہا ہے کہ ملک میں داخل ہونے والے تمام افراد کو مرس وائرس سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر کے بارے میں آگاہی فراہم کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ابھی تک مرس وائرس کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے ۔