گردے کی پتھری نکلوانے کیلئے لتھوٹرپسی سے استفادہ کیا جائے، ڈاکٹر سعدیہ مشتاق

جدید طریقہ علاج سے بغیر آپریشن باآسانی گردے کی پتھری ریزہ ریزہ کرکے نکالی جا سکتی ہے،سیمینارسے خطاب

بدھ 24 جون 2015 21:51

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 جون۔2015ء)گردے کی پتھری کے مریض پتھر ی نکلوانے کے لئے لتھوٹرپسی کی مدد سے جدید علاج کی سہولیات سے فائدہ اٹھائیں، میڈیکل ریسرچ اور جدید طریقہ علاج سے بغیر آپریشن آسانی کے ساتھ گردے کی پتھری ریزہ ریزہ کرکے نکالی جا سکتی ہے، اگر پتھری موجود رہے تو مزید نقصان کا باعث بنتی ہے اس لئے گردے کی پتھری کو معمولی سمجھ کر نظر انداز کرنا خطرے کی علامت ثابت ہو سکتا ہے ۔

یہ بات معروف معالج اور راولپنڈی آئی ڈونرز آرگنائزیشن کی جنرل فزیشن ڈاکٹر سعدیہ مشتاق نے ماہ لیتھوٹرپسی تقریبات کے اختتام پرہیلتھ ایجوکیشن کے حوالے سے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ غیر مصفہ پانی اور ملاوٹ شدہ اشیاء کے استعمال سے گردے کی پتھری عام ہو رہی ہے خاص طور پر پہاڑی علاقوں کے مکین گردے کے امراض میں زیادہ مبتلا ہوتے ہیں لیکن اس صورت حال سے پریشان ہونے یا اسے معمولی سمجھ کر نظر انداز کرنے کے دونوں نظریے غلط ہیں اگر گردے میں پتھری موجود ہے یا گردے کے دیگر امراض لاحق ہیں تو ان کے مکمل علاج کے لئے ماہر ین سے رجوع کیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ راولپنڈی آئی ڈونرز آرگنائزیشن میں گردے کی پتھری نکالنے کی سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات موجود ہیں اور غریب و نادار مریضوں کو یہ سہولیات مفت فراہم کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر ادھورا اور غیر اطمینان بخش علاج کرایا جائے تو اس سے مزید نقصان ہو سکتا ہے اس لئے گردے کے مریض ٹوٹکے استعمال کرنے یا عطائیوں کے ہتھے چڑھنے کے بجائے مستند علاج کے لئے رجوع کریں۔ ڈاکٹر سعدیہ مشتاق نے کہاکہ لتھو ٹرپسی کی مدد سے گردے کی پتھری آسانی سے نکالی جا سکتی اور اس ٹریٹمنٹ سے مریض تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔