لاہور ہائی کورٹ نے ناقص خسرہ ویکسین سے ہلاکتوں کے خلاف درخواست پر اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو معاونت کے لیے طلب کر لیا ۔

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعرات 25 جون 2015 13:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 جون۔2015ء) جسٹس خالد محمود خان نے کیس کی سماعت کی ۔درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ خسرہ کی ناقص ویکیسن خریدی گئی جس سے سینکڑوں بچے جاں بحق ہوئے مگر حکومت نے آج تک ذمہ داروں کے خلاف کارروائی نہیں کی جب تک محکمہ صحت کو خودمختار بنا کر اس میں سیاسی مداخلت بند نہیں کی جاتی اس وقت تک صورتحال بہتر نہیں ہوسکتی ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ سندھ میں گزشتہ دنوں سینکڑوں افراد کی ہلاکت کی وجہ بھی یہ ہے کہ محکمہ صحت سیاستدانوں اور ان کے من پسند افراد کے ہاتھوں میں ہے اگر ایسا نہ ہوتا تو قیمتی جانوں کو بچایا جاسکتا تھا ۔ عدالت نے قرار دیا کہ انسانی جانوں کا معاملہ ہے اسے کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔ عدالت نے اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل کو معاونت کے لیے طلب کر تے ہوئے سماعت دس جولائی تک ملتوی کر دی ۔

متعلقہ عنوان :