جنرل مشرف کے کاغذات نامزدگی کی منظوری قانون اور آئین کی بالادستی کی مظہر ہے، وزیراعطم شوکت عزیز،معاشرے کے تمام طبقات خصوصاً وکلاء کو قانون کا احترام کرنا چاہیے، جنرل مشرف کو صدر منتخب کرانے کیلئے ہمارے پاس ووٹ پورے ہیں، چوہدری شجاعت حسین سے گفتگو

اتوار 30 ستمبر 2007 23:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30ستمبر۔2007ء ) وزیراعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ جنرل پرویز مشرف کے صدارتی امیدوار کے طور پر کاغذات نامزدگی کی منظوری قانون اور آئین کی بالادستی کا مظہر ہے۔ وہ اتوار کو یہاں مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے ان سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معاشرے کے تمام طبقات خصوصاً وکلاء کو قانون کا احترام کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت قانون کے پیشے سے تعلق رکھنے والے افراد کا بے حد احترام کرتی ہے وکلاء لوگوں کو فراہمی انصاف میں نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدارتی اور عام انتخابات سے ملک مستحکم جمہوریت کی راہ پر گامزن ہو جائے ہم امید کرتے ہیں کہ تمام سیاسی جماعتیں انتخابات میں بھر پور شرکت کریں گی اور لوگ اس میں بھر پور انداز میں حصہ لیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت شفاف اور آزادانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی جان و مال کا تحفظ ہر حال میں یقینی بنائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ جنرل پرویز مشرف کو دوبارہ صدر منتخب کرانے کیلئے مسلم لیگ اور اس کی اتحادی جماعتوں کے پاس مطلوبہ ووٹ پورے ہیں جنرل مشرف چھ اکتوبر کو بآسانی جیت جائیں گے۔

اس موقع پر ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گفتگو کے دوران سپیکر قومی اسمبلی چوہدری امیر حسین، وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری، وزیراعظم کے سینئر مشیر شریف الدین پیرزادہ، وزیراطلاعات و نشریات محمد علی درانی، مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل مشاہد حسین اور وزیراعظم کے معاون خصوصی خلیل الرحمن بھی اس موقع پر موجود تھے۔