خسرہ وباء سے ہونیوالی ہلاکتوں کے ذمہ داروں کے تعین کیلئے دائر درخواست پر سیکرٹری صحت پنجاب کو تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم

جمعہ 10 جولائی 2015 16:35

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جولائی۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ نے خسرہ وباء سے ہونے والی ہلاکتوں کے ذمہ داروں کے تعین کے لئے دائر درخواست پر سیکرٹری صحت پنجاب کو تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس خالد محمود خان نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار اظہر صدیق نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت کے اعلیٰ افسران کی غفلت کی بنا پر بروقت خسرہ وبا کا تدارک نہ ہونے سے درجنوں معصوم بچے موت کے منہ میں چلے گئے اور ماوں کی گود اجڑ گئی لہٰذا خسرہ سے ہونے والی ہلاکتوں کے ذمہ داروں کا تعین کئے بغیر محکمہ صحت کے معاملات کو درست نہیں کیا جا سکتا۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل نے مزید دلائل دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت نے درخواست گزار کو افسروں کی غفلت پر مبنی معلومات فراہم کرنے والے سرکاری ملازم کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کرا دیا ہے جو کہ غیر قانونی اقدام ہے لہٰذا استدعا ہے کہ عدالت سرکاری ملازم کے خلاف درج مقدمہ خارج کرنے کا حکم دیجس پر عدالت نے پولیس کو سرکاری اہلکار کے خلاف درج مقدمہ کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی اور سیکرٹری صحت پنجاب کو خسرہ وبا ء سے ہونے والی ہلاکتوں کے ذمہ دار وں کے تعین سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 15جولائی تک ملتوی کر دی۔