وفاقی حکومت کا رواں سال ملک بھر میں پولیو ٹیکہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ

منگل 14 جولائی 2015 15:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 جولائی۔2015ء)وفاقی حکومت نے رواں سال ملک بھر میں پولیو ٹیکہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک سال عمر کے 61 لاکھ بچوں کو پولیو ویکسین کے ٹیکے لگائے جائیں گے۔ پنجاب میں عید کے فوری بعد مہم شروع ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے رواں سال پولیو قطروں کے ساتھ ساتھ ٹیکوں کی مہم چلانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

ملک بھر میں رواں سال 61 لاکھ بچوں کو پولیو ویکسین کے ٹیکے لگائے جائیں گے۔ پنجاب نے تیاریاں مکمل کرلیں۔

(جاری ہے)

عید الفطرکے فوری بعدلاہور اور فیصل آباد سمیت صوبہ پنجاب کے تمام اضلاع میں 32 لاکھ بچوں کو پولیو ٹیکے لگائے جائیں گے۔ماہرین ان ٹیکوں کو بچوں کے مدافعتی نظام کیلئے انتہائی مفید قرار دیتے ہیں۔ پولیو قطروں کے فی بچہ اخراجات 30 روپے جبکہ ٹیکے پر 15سوروپے خرچ ہوں گے۔ تین سالہ ٹیکہ مہم پر تین ارب روپے خرچ ہوں گے۔رقم عالمی اتحاد برائے ایمونائزیشن گاوی فراہم کرے گی۔ ٹیکے پولیو کے مخصوص مراکز میں لگائے جائیں گے۔ دوسرے مرحلے میں سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بھی پولیو ٹیکوں کی مہم شروع ہوگی۔ باقی تینوں صوبوں نے بھی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔