دنیا بھر میں پانی سے متعلق بیماریوں کے باعث ہر ایک منٹ میں ایک بچہ ہلاک ہوجاتا ہے ‘آئی ایم ایف

بدھ 15 جولائی 2015 12:25

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جولائی۔2015ء) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں پانی سے متعلق بیماریوں کے باعث ہر ایک منٹ میں ایک بچہ ہلاک ہوجاتا ہے۔آئی ایم ایف کے 3 اراکین کی جانب سے مرتب کی جانے والی رپورٹ میں کہا گیا کہ دنیا بھر میں انسانوں کو پانی کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔فنانس اینڈ ڈیویلپمنٹ میگزین میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق عالمی طور پر ایک اعشاریہ 2 ارب لوگ یا ہر 6 میں سے ایک فرد ایسے علاقے میں رہائش پذیر ہے جہاں اسے پانی کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے اور ہر 9 میں سے ایک فرد کو صاف پانی تک رسائی حاصل نہیں ہے۔

رپورٹ میں پاکستان کو دنیا کے اْن ممالک میں شامل کیا گیا ہے جہاں پانی کے مسائل موجود ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان میں زراعت کا بیشتر حصہ ٹیکس ادا نہیں کرتا جبکہ یہ شعبہ ملک کے جی ڈی پی کا 20 فیصد حصہ پیدا کرتا ہے اور اس شعبے سے ملک کی 40 فیصد آبادی منسلک ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں زراعت پر ٹیکس پانی کے استعمال کی بجائے زمین کے رقبے کے حوالے سے عائد کیا جاتا ہے جو اس بات کا متقاضی ہے کہ یہاں مزید بہتر ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے تاکہ فصلوں کے لیے پانی کم سے کم استعمال ہو۔رپورٹ کے مطابق پانی کی طلب میں اضافہ بیشتر ممالک میں پانی کے ذخائر پر اثر انداز ہورہا ہے۔ عالمی طور پر انسانوں کو پانی کی غیر منصفانہ تقسیم کے ساتھ ساتھ صاف اور تازہ پانی کی کمی کا سامنا ہے۔