2030ء تک کینسر سے ہلاکتوں کی تعداد ایک کروڑ10 لاکھ سے زائد ہوجائے گی،عالمی ادارہ صحت

جمعرات 23 جولائی 2015 13:59

جنیوا ۔ 23 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 جولائی۔2015ء) عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ 2030ء تک کینسر سے ہلاکتوں کی تعداد ایک کروڑ10 لاکھ سے زائد ہوجائے گی۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق اس وقت سرطان دنیا بھرمیں زیادہ ہلاکتوں کا باعث بننے والی بیماریوں میں سے ہے جس سے اس وقت دنیا بھرمیں سالانہ ہونے والی ہلاکتیں76 لاکھ ہیں جو کہ2008ء میں ہونے والی تمام ہلاکتوں کا 13فیصد ہے۔

(جاری ہے)

ٹیلیگراف کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھرمیں ہر سال پھیپھڑے ، معدہ، جگر، بڑی آنت اور چھاتی کا سرطان زیادہ تر ہلاکتوں کا باعث بنتاہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عورتوں اورمردوں میں ہونے والی سرطان کی عام اقسام مختلف ہوتی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سرطان سے 30 فیصد اموات کی وجہ مریضہ کا رویہ طرز زندگی اور غذائی خطرات سمیت جسمانی حجم، پھلوں اور سبزیوں کا کم استعمال، جسمانی ورزش کا فقدان اور سگریٹ و شراب نوشی شامل ہیں۔ عالمی ادارہ صحت نے مریضوں کے سرطان میں مبتلا ہونے کی جلد از جلد تشخیص، ان کے سکریننگ ٹیسٹوں کی ضرورت اور قومی و بین الاقوامی سطح پر لائحہ عمل اپنانے اور سرطان میں مبتلا مریضوں کی بہتر طبی نگہداشت کی ضرورت پر بھی زوردیا ہے۔