زیادہ تنگ یا جلد کے ساتھ چپکی ہوئی جینز پہننے سے نچلا دھڑ اور ٹانگ مفلوج ہوسکتی ہے،آسٹریلوی طبی ماہرین

جمعرات 23 جولائی 2015 13:59

سڈنی ۔ 23 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 جولائی۔2015ء) آسٹریلوی طبی ماہرین نے کہا ہے کہ زیادہ تنگ یا جلد کے ساتھ بالکل چپکی ہوئی جینز پہننے سے انسانی جسم کا نچلا دھڑ اور ٹانگ وغیرہ مفلوج ہوسکتی ہے جبکہ ٹانگ کے نچلے حصہ کی شریانوں کو ایک ہی پوزیشن میں بیٹھنے کے باعث خون کی فراہمی میں تعطل سے سوزش بھی ہوسکتی ہے۔ حالیہ شائع شدہ تحقیقی رپورٹ میں ایک خاتون کے کیس کا حوالہ بھی دیا گیا ہے جو کہ زیادہ تنگ جینز پہننے کے باعث گھر میں ایک ہی پوزیشن میں کافی دیر دو زانو ہوکر بیٹھنے کی وجہ سے اپنی ٹانگوں پر خود بھی کھڑی نہ ہوسکی اور اسے رشتہ دارکی مدد لینا پڑی۔

آسٹریلیا میں رائل ایڈیلیڈ ہسپتال کے نیورولوجی یونٹ کے طبی ماہر تھامس کینڈر نے تنگ جینز پہننے سے متاثرہ خاتون کی ٹانگوں کے گھنٹوں کے نیچے سے فوری طور پر جینز کاٹنا پڑی کیونکہ خاتون کی ٹانگ کے نچلے حصہ میں سوزش کے باعث جینز اس کی جلد کے ساتھ چپک گئی تھی۔

(جاری ہے)

ماہرین نے کہا کہ تنگ جینز اور دو زانو پوزیشن میں زیادہ دیر تک بیھٹنے سے خاتون کو ٹانگ کا نچلا حصہ سوزش زدہ ہونے کا مسئلہ پیش آیا اور اگر اسی خاتون نے کھلا پاجامہ پہنا ہوتا تو اس کی ٹانگ کے نچلے حصے کے پٹھوں میں سوزش باہر کی طرف ہوتی نہ کہ ایک ہی پوزیشن میں بیٹھنے کے باعث ٹانگوں کے پٹھوں کے اندر کی طرف ہوتی۔