جگر کی پیوند کاری کے درجنوں کیسز نے پاکستان اور بھارت میں جگر کے عارضے میں مبتلا مریضوں کو امید کی نئی کرن دی ‘ڈاکٹر اے ایس سوئن

ہفتہ 25 جولائی 2015 16:54

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 جولائی۔2015ء) بھارت کے عالمی شہرت یافتہ جگر پیوند کاری کے ماہر ڈاکٹر اے ایس سوئن نے کہا ہے کہ جگر کی شدید بیماریاں اب کوئی بڑا مسئلہ نہیں رہیں کیونکہ جگر کی پیوند کاری کے درجنوں کیسز نے پاکستان اور بھارت میں جگر کے عارضے میں مبتلا مریضوں کو امید کی نئی کرن دی ہے۔ وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں امراض جگر کے بارے میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کررہے تھے جس کا اہتمام لاہور چیمبر اور لیور کیئر سوسائٹی آف پاکستان نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔

لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز ،نائب صدر سید محمود غزنوی، مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق، چیئرمین لیور سوسائٹی آف پاکستان انور الحسین علوی، سیکریٹری پنجاب بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی ڈاکٹر محمد جعفر سلیم اور ڈاکٹر اسرار الحق طور نے اس موقع پر خطاب کیا جبکہ لاہور چیمبر کے سابق صدور میاں مصباح الرحمن ، میاں مظفر علی، سابق نائب صدر آفتاب احمد وہرہ اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر سوئن نے کہا کہ بدقسمتی سے ہرتیرہ میں سے ایک شخص جگر کے عارضے میں مبتلا ہے جن میں سے کچھ شدید بیماری کا شکار ہیں۔ انہوں بغیر کسی تاخیر کے ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے کیونکہ بعض اوقات جگر کی بیماری ہیپاٹائٹس کینسر سے بھی زیادہ شدید ثابت ہوتی ہے لیکن یہ اب قابل علاج ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ اس وقت پاکستان میں جگر کی پیوند کاری ابتداری مراحل میں ہے لیکن وقت گزرنے کے ساتھ صورتحال بہتر ہوتی جائے گی کیونکہ پاکستانی ڈاکٹر بہت باصلاحیت ہیں۔

انہوں نے پاکستانی ڈاکٹرز کو اپنے تجربے اور مہارت سے استفادہ کرنے کی پیشکش کی۔ مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ عوام کو صحت کی سہولیات مہیا کرنے کے لیے پنجاب حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز نے اپنے خطاب میں کہا کہ لاہور چیمبر ڈاکٹر اے ایس سوئن کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہے جنہوں نے جگر کی پیوندکاری کے شعبے میں گرانقدر کام کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستانی ڈاکٹر صلاحیتوں سے مالامال ہیں اور وہ دن دور نہیں جب جگر کے عارضے میں مبتلا مریضوں کو علاج و معالجے کے لیے کسی دوسرے ملک نہیں جانا پڑے گا۔ لیور کیئر سوسائٹی کے چیئرمین انوار الحسین علوی نے کہا کہ اس وقت دنیا میں 185ملین افراد ہیپاٹائس میں مبتلا ہیں جن میں سے ساڑھے تین لاکھ انتقال کرجاتے ہیں، پاکستان میں یہ بیماری ختم کرنے کے لیے شعور و آگہی پیدا کرنا ہوگی۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر سید محمود غزنوی نے اظہار تشکر کیا۔