لال مسجد کے سابق خطیب مولانا عبدالعزیز تشویشناک حالت میں پمز ہسپتال منتقل۔نجانے مولانا عبدالعزیز کو کون سی ادویات اور خوراک دی جا رہی ہیں ان کی حالت تشویشناک ہے، انہیں کچھ ہوا تو ذمہ دار انتظامیہ ہو گی، مولانا کی اہلیہ ام حسان اور ہمشیرہ جمیلہ بی بی کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

ہفتہ 20 اکتوبر 2007 19:41

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین20اکتوبر2007) لال مسجد کے سابق خطیب مولانا عبدالعزیز کو تشویشناک حالت میں پمز ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ ان کی اہلیہ اور بہن کا کہنا ہے کہ نجانے انہیں کون کی دوائیاں اور خوراک دی جا رہی ہے اگر انہیں کچھ ہوا تو اس کی ذمہ دار انتظامیہ ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق لال مسجد کے سابق خطیب مولانا عبدالعزیز جو ان دنوں سملی ڈیم میں بند تھے گزشتہ چند روز سے ان پر غشی کے دورے پڑ رہے تھے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق پہلے سملی ڈیم میں ان کا چیک اپ کرایا گیا بعد ازاں ڈاکٹروں کے اصرار پر انہیں ہفتہ کی شام پمز ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا۔ مولانا عبدالعزیز کی اہلیہ ام حسان اور ان کی ہمشیرہ جمیلہ بی بی نے کہا ہے کہ اگر مولانا عبدالعزیز کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہمیں بیماری کے بارے میں کچھ نہیں بتایا جا رہا۔

انہوں نے کہا کہ مولانا کو ایک مہینے سے بخار تھا اور انفکشن ہے معلوم نہیں انہیں کون سی ادویات دی جا رہی ہیں۔ جبکہ ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کے دوران مولانا عبدالعزیز کی اہلیہ اور بہن نے بتایا کہ مولانا عبدالعزیز کی حالت تشویشناک ہے معلوم نہیں انہیں کون سی دوائیاں اور خوراک دی جا رہی ہے اگر انہیں کچھ ہوا تو اس کی ذمہ دار انتظامیہ ہو گی۔