بھارت میں ایک سال کے اندر دماغی بخار سے 400 افراد ہلاک ہو چکے ہیں‘حکام

منگل 23 اکتوبر 2007 12:09

نئی دہلی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین23اکتوبر2007) بھارتی حکام نے کہا ہے کہ اترپردیش اور اس کی ہمسایہ ریاستوں میں اس برس دماغی بخار سے اب تک 400 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔حکام کے مطابق ہلاک شدگان میں سے 339 کا تعلق اترپردیش سے 44 کا بہار سے جبکہ 3 کا نیپال سے تھا۔تاہم حکام کے مطابق اس برس حفاظتی اقدامات کی وجہ سے جاپانی دماغی بخار یا ’انکفلائٹس‘ سے ہلاک شدگان کی تعداد سنہ 2005 کے مقابلے میں ایک چوتھائی ہے۔

(جاری ہے)

2005 میں اس جاپانی بخار سے بھارت میں 16 سو بچے ہلاک ہوئے تھے تاہم اس مرتبہ حکومت نے ایک کروڑ بچوں کو بخار سے بچاوٴ کی ویکسین پلائی تھی۔انکفلائٹس دراصل ایک خاص مچھر کے کاٹنے سے پھیلاتا ہے اور اس کے نتیجے میں دماغ کے کام میں خلل پڑتا ہے اور انسان مفلوج ہو جاتا ہے یا پھر موت کا شکار بن جاتا ہے۔ ہر برس آنے والے سیلابی پانی اور گندے پانی کے جوہڑوں کو اس بیماری کا موجب بننے والے مچھروں کی آماجگاہ سمجھا جاتا ہے۔واضح رہے کہ ریاست اترپردیش کی کسی لیبارٹری میں اس بخار کے وائرس کا تجزیہ کرنے کا انتظام نہیں اور اس لیے تمام نمونے ریاست مہاراشٹر کے شہر پونے کے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف وائرولوجی بھیجے جاتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :