گھروں میں مچھر ما ر ادویات کا سپرے کرنے سے ڈینگی اور دیگر موذی امراض سے بچا جا سکتا ہے، ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ساہیوال

جمعرات 30 جولائی 2015 16:55

چیچہ وطنی۔ 30 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء) ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ساہیوال ڈاکٹر اشرف جا وید نے کہا کہ لوگ اپنے گھروں کے اندر اور اردگرد کے ماحول کو صاف ستھر ا اور خشک رکھیں اور گھر وں میں مچھر ما ر ادویات کا سپرے کریں اس طر ح سے وہ نہ صرف ڈینگی بخار بلکہ دیگر موذی امراض سے بھی محفوظ ہو سکتے ہیں ۔وہ بلدیہ ہال میں انسداد ڈینگی ڈے کے سلسلہ میں منعقد سمینار سے خطاب کر رہے تھے۔

سیمینار میں ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر اسلم پرویز کے علاوہ محکمہ ہیلتھ کے عملے اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ سیمینار اور واک کے علاوہ پمفلٹ کی تقسیم کا مقصد لوگوں میں ڈینگی مچھر کے حوالے سے آگہی اور شعور کو اجاگر کر نا ہے تاکہ لوگ ڈینگی بخار اور مچھر سے محفو ظ رہ سکیں ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر اشرف جا وید نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے بعد ڈینگی کا خطرہ بڑھ گیا ہے جس کے پیش نظر شہر کی مختلف جگہوں پر ٹائر شاپس ،قبرستان اور پا رکوں وغیر ہ میں کھڑے پا نی میں مچھر ما ر دوائی ڈالی جا رہی ہے تاکہ ڈینگی لا روا پر ورش نہ پا سکے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضلع ساہیوال میں ابتک ڈینگی بخار کا کو ئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ۔بعد ازاں بلد یہ ہال سے ون فائیو چوک تک آگہی واک نکا لی گئی۔ جس میں شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور لوگوں میں ڈینگی سے متعلق پمفلٹ بھی تقسیم کئے گئے ۔