آزاد کشمیر اور سرحد میں زلزلہ متاثرہ تعلیم اور صحت کے اداروں کی بحالی کیلئے 200 ملین ڈالر فراہم کررہے ہیں۔ امریکہ

جمعرات 25 اکتوبر 2007 12:27

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین25اکتوبر2007) اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کے ڈپٹی چیف آف مشن پیٹر ڈبلیو بوڈی نے کہا ہے کہ یو ایس ایڈ آزاد کشمیر اور سرحد میں دو سو ملین ڈالر کے ذریعے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں تعلیم اور صحت کے اداروں کی تعمیر نو کے عمل میں مصروف ہے ‘ تعلیم کیلئے امریکی امداد پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے اور تعلیم کے شعبے میں سرمایہ کاری ہمیشہ بہترین ثمرات لاتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو اور بحالی کے ادارہ ایرا کے حکام اور مانسہرہ اور باغ کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں کے مکینوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تعلیم کے شعبہ کو توانا بنانے از سر نو تعمیر اور مستحکم کرنے کے منصوبے RISE کے تحت مانسہرہ اور باغ کے اضلاع میں تعلیمی ڈھانچہ کو دوبارہ تعمیر کرنے اور اسے بہتر بنانے اور بچوں کو اعلیٰ معیار کی تعلیم فراہم کرنے کے لئے کام کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

منصوبہ کی پہلی سالگرہ کی تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے پیٹر ڈبلیو بوڈی نے کہا کہ تعلیم کے لئے امریکی امداد پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے اور تعلیم کے شعبہ میں سرمایہ کاری ہمیشہ بہترین ثمرات لاتی ہے۔ بوڈی نے کہا کہ گزشتہ سال RISe نے دو سکولوں کو مکمل کیا اور مانسہرہ اور باغ میں تیس مزید سکولوں کے ابتدائی خالے تیار کرلئے گئے ہیں یا زیر تعمیر ہیں یو ایس ایڈ کا تیرہ ملین ڈالر مالیت کا منصوبہ RISE زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں امریکی حکومت کی جانب سے تعمیر نو کی کوششوں کا جزو لانیفک ہے اس منصوبے کے تحت ان اضلاع میں اساتذہ کو کمرہ جماعت میں درس و تدریس کے معیار کو بہتر بنانے کی تربیت دے کر اور سکولوں کی تعمیر نو اور دیکھ بھال کیلئے والدین و اساتذہ کی کمیٹیوں کو متحرک کرکے مقامی آبادیوں کی اعانت بھی کی جاتی ہے پیٹر بوڈی نے کہا کہ یو ایس ایڈ زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں دو سوملین ڈالر مالیت کے تعمیر نو کے ایک پروگرام کے ذریعے سکولوں اور ہسپتالوں کو دوبارہ تعمیر کررہا ہے تعلیمی و طبی سہولیات کو وسعت دے رہا ہے اور معاشی صورتحال بہتر بنا رہا ہے انہوں نے صوبہ سرحد اور آزاد جموں وکشمیر کے شعبہ تعلیم کے حکام کا شکریہ ادا کیا اور منصوبہ کی ابتدائی کامیابیوں میں ایرا کے ساتھ ان کے بہتر تعلقات کار قائم کرنے کے عمل کو سراہا بعد ازاں تقریب میں اساتذہ تعلیمی منتظمین حکام اور مقامی آبادی کے لوگوں کو منصوبہ میں تعاون کرنے پر اسناد اور انعامات دیئے گئے۔