احتیاطی تدابیر سے ہیپاٹائٹس سے بچاؤممکن ہے،ڈاکٹرشفیق رانا

پیر 3 اگست 2015 12:54

قصور ۔3 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء)احتیاطی تدابیر سے ہی ہیپاٹائٹس سے بچاؤممکن ہے‘شعور اور آگاہی نہ ہونا اس مرض کے پھیلاؤ کی بڑی وجہ ہے‘ ہیپاٹائٹس ایک خاموش قاتل ہے جو دیمک کی طرح انسان کو اندر سے چاٹ دیتا ہے ‘ اس موذی مرض کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے وسیع پیمانے پر لوگوں میں آگاہی کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال قصور ڈاکٹرشفیق احمدرانا نے کیا۔

انہوں نے کہا کہ عوام سے اپیل ہے کہ وہ ہیپاٹائٹس جیسے موذی اور جان لیوا مرض سے بچاؤ کیلئے چند احتیاطی تدابیرپر عمل کریں ‘آلودہ پانی ‘ پھپھوندی لگی غذاؤں سے پرہیز کیا جائے ‘ٹیکہ لگواتے وقت نئی سرنج استعمال کی جائے ‘مریضوں کو خون لگانے سے قبل اطمینا ن کر لیاجائے کہ خون سوفیصد تصدیق شدہ ہے‘جنسی تعلقات میں احتیاط برتیں‘جنسی تعلقات صرف شریک حیات تک محدود رکھیں‘ اپنی ذاتی استعمال کی اشیاء مثلاً ریزر‘ استراء‘ بلیڈ‘ ٹوتھ برش‘ مسواک‘ کنگھی‘ناخن تراش صرف اور صرف ذاتی استعمال میں رکھیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ہیپاٹائٹس بی اور سی کے پھیلاؤ کی ایک بڑی وجہ غیر مستند معالج سے دانتوں کا علاج کروانا ہے لہذا صرف مستند ڈاکٹر سے ہی علاج کروایا جائے ۔