سعودی عرب میں میرس وائرس سے متاثرہ ایک اور معمر خاتون انتقال کر گئی ، وباء سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 472 ہوگئی

پیر 10 اگست 2015 14:59

ریاض ۔ 10 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 اگست۔2015ء) سعودی عرب میں میرس وائرس سے متاثرہ ایک اور معمر خاتون گذشتہ روز انتقال کر گئی جس کے بعد اس وباء سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 472 ہوگئی۔ سعودی اخبار کی رپورٹ کے مطابق جون 2012ء سے اب تک ملک میں میرس وائرس سے متاثرہ افراد کے کیسز کی تعداد 1174 ہوگئی ہے۔ گذشتہ روز اس وائرس سے متاثرہ 72 سالہ خاتون جاں بحق ہوگئی جبکہ31،55 اور 60 سال عمر کی مزید تین خواتین کے اس وائرس سے متاثر ہونے کے کیسز سامنے ائے ہیں۔

(جاری ہے)

سعودی وزارت صحت کے ترجمان خالد المرغلانی کے مطابق ماہرین پر مشتمل ایک کمیٹی میرس وائرس کے حوالہ سے ملک بھر میں صورتحال کی دن رات نگرانی کر رہی ہے اور کسی شخص کے میرس وائرس سے متاثر ہونے کی فوری اطلاع محکمہ صحت کو فراہم کرنے کیلے جدید ترین نیٹ ورک کام کر رہا ہے۔ ریاض، جدہ اور دمام میں اس مرض سے مبتلا افراد کے علاج کیلئے خصوصی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ اس مرض میں مبتلا 685 افراد علاج کے بعد صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ اس وقت کل 17 مریض مخصوص ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔