بھارت میں مضرِ صحت‘ نوڈلز پر پابندی ہٹا دی گئی

نیسلے کی میگی نوڈلز کی مارکیٹ میں فروخت سے پہلے اس کے نمونے کی نئے سرے سے جانچ پڑتال کی جائے،عدالت کا حکم

جمعرات 13 اگست 2015 15:46

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اگست۔2015ء ) ممبئی ہائی کورٹ نے بین الاقوامی کمپنی نیسلے کے تیار کردہ میگی نوڈلز پر عائد پابندی کو ہٹاتے ہوئے اس کے نمونے کی نئے سرے سے جانچ کرنے کا حکم دیدیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق عدالت نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ نیسلے کی میگی نوڈلز کی مارکیٹ میں فروخت سے پہلے اس کے نمونے کی نئے سرے سے جانچ پڑتال کی جائے۔

خیال رہے کہ بھارت میں میگی نوڈلز پر جون میں اس وقت پابندی عائد کر دی گئی تھی جب بھارت کی فوڈ سیفٹی اینڈ سٹینڈرڈز ایجنسی نے نیسلے پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ فوڈ سیفٹی کے قوانین پر عمل درآمد کرنے میں ناکام رہی ہے۔نیسلے نے اس پابندی کو عدالت میں چیلنج کیا تھا اور اس کا کہنا ہے کہ ان کی مصنوعات محفوظ ہیں۔ممبئی ہائی کورٹ کی جانب سے جمعرات کو دیا جانے والا یہ حکم بھارت کی فوڈ اینڈ سیفٹی اتھارٹی کے اس فیصلے کے ایک دن بعد آیا تھا جس میں اتھارٹی نے کہا تھا کہ نوڈلز کے ٹیسٹ میں ’غیر محفوظ اور مضر‘ اشیا سامنے آئی ہیں۔

(جاری ہے)

بھارت کی فوڈ اینڈ سیفٹی اتھارٹی نے نیسلے کمپنی پر ’نامناسب تجارتی سرگرمیوں‘ کا الزام لگاتے ہوئے دس کروڑ ڈالر جرمانہ عائد کیا تھا۔بین الاقوامی کمپنی نیسلے کے خلاف شکایت ہے کہ اس کی تیار کردہ میگی نوڈلز کے گمراہ کن اشتہارات کے ذریعے سے صارفین کو نقصان پہنچا ہے۔ممبئی ہائی کورٹ نے نیسلے کے مشہور میگی نوڈلز پر پابندی کو ’من مانا‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ’فطری انصاف کے اصولوں کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔

نیسلے کمپنی فوراً تیار ہونے والے نوڈلز کی 80 فیصد مارکیٹ پر راج کرتی ہے۔ وہ پہلے ہی میگی کی 40 کروڑ ٹن کی مصنوعات ضائع کر چکی ہے۔نیسلے کا کہنا ہے کہ امریکہ، برطانیہ اور سنگاپور سمیت دیگر ممالک میں ہونے والے ٹیسٹ کے نتائج میں نوڈلز کو محفوظ قرار دیا گیا ہے۔حال ہی میں بھارت کی مغربی ریاست گوا اور شمالی شہر میسور کی دو لیبارٹریز نے بھی نوڈلز کو کلیئر کر دیا تھا لیکن بھارت کی فوڈ اینڈ سیفٹی اتھارٹی نے نتائج کو یہ کہہ کر مسترد کر دیا تھا کہ ان ٹیسٹوں میں غلطیاں ہوئی ہیں۔عدالت نے نوڈلز کا دوبارہ ٹیسٹ کرانے کی تجویز پیش کی تھی، نیسلے نے عدالت کی تجویز کو قبول کیا لیکن بھارتی حکام نے اسے مسترد کر دیا۔

متعلقہ عنوان :