انسداد ڈینگی ٹیمیں لاروا زیادہ رپورٹ ہونے کی وجہ سے گھرو ں پر خصوصی فوکس کریں‘لبنی فیصل

منگل 18 اگست 2015 13:26

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 اگست۔2015ء)رکن صوبائی اسمبلی و چیئر مین ٹاؤن ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی برائے ڈینگی لبنی فیصل نے کہا ہے کہ کینٹ ،لاہور کنٹونمنٹ اور والٹن کنٹونمنٹ بورڈز کے تمام علاقوں میں کابینہ کمیٹی برائے ڈینگی کی ہدایات کے مطابق انسداد ڈینگی سرگرمیاں تیز کر دی گئیں ہیں ،گھروں کے اندر سے لاروا زیادہ رپورٹ ہونے کے پیش نظر تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں مزید تندہی سے ادا کرتے ہوئے رہائش گاہوں کو سرویلنس کے دوران زیادہ فوکس کریں۔

انہوں نے یہ بات اے سی کینٹ راؤ امتیاز کے ہمراہ انسداد ڈینگی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ڈپٹی سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نعمان جمیل،ڈپٹی ڈی او ہیلتھ کینٹ ڈاکٹر آصف اقبال،سینئر انٹامالوجسٹ ،تعلیمی اداروں کے سربراہان ،ڈی ایچ اے اور آرمی ایریاز کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ایم پی اے لبنی فیصل نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام علاقوں خاص طور پر قبرستانوں ،تالابوں اور پارکوں سے بارش کے پانی کے نکاس کا قبل از وقت بندوبست یقینی بنایا جائے ۔

محکمہ تعلیم کے افسران درسگاہوں میں زیرو پیریڈ اور ڈینگی ریگولیشنز پر عملدر آمد یقینی بنائیں اور تمام محکمے انسدادڈینگی کے حوالے سے طے شدہ لائحہ عمل پر سو فیصد عملدر آمد یقینی بنائیں ۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی جگہ سے ڈینگی لاروا ملنے کی صورت میں ذمہ دارافراد کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے اور نوٹسز کے اجراء کے بعد بھی غفلت برتنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی جائے۔