ماں کا دودھ شیر خوار بچوں کی صحت و تندرستی کے لئے نہایت ضروری ہے‘بیگم ذکیہ شاہنواز

حکومت پنجاب نے ماں و بچے کی صحت کے حوالے سے مختلف پروگرام شروع کررکھے ہیں جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں

منگل 18 اگست 2015 20:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 اگست۔2015ء ) وزیر بہبود آبادی پنجاب بیگم ذکیہ شاہنواز نے کہا ہے کہ ماں کا دودھ شیر خوار بچوں کی صحت و تندرستی کے لئے نہایت ضروری ہے، صحت مند بچے اور صحت مند مائیں معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں-یہ بات یہاں انہوں نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں عالمی بریسٹ فیڈنگ ویک کے موقع پر ’’ماں کے دودھ کی اہمیت کو اجاگر کرنا ‘‘کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی- انہوں نے کہا کہ گلوبل بریسٹ فیڈنگ کا مقصد سرکاری و نجی شعبوں میں کام کرنے والی خواتین کو آگاہی اور سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ کام کے دوران اپنے بچے کے ساتھ رہیں اور دودھ پلانا جاری رکھیں-فاطمہ جناب میڈیکل کالج کے وائس پرنسپل فخر امام نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے گلوبل بریسٹ فیڈنگ ویک کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی-تقریب سے ڈاکٹر اعجاز شیخ، ڈاکٹر منیر سلیمی، ڈاکٹر مریم ملک ، ڈاکٹر تنویر منصور، محکمہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل زاہد پرویز ، ڈاکٹر خالد فاروق کے علاوہ خواتین ارکان اسمبلی ، ڈاکٹرز، نرسزکی کثیر تعداد نے شرکت و خطاب کیا-بیگم ذکیہ شاہنواز نے کہا کہ ماں کا تعلیم یافتہ ہونا نہایت ضروری ہے کیونکہ تعلیم ہی ترقی کا زینہ ہے -انہوں نے کہا کہ صحت مند ماں صحت مند معاشرے کو جنم دیتی ہے - حکومت پنجاب نے ماں و بچے کی صحت کے حوالے سے مختلف پروگرام شروع کررکھے ہیں جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں- انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے دوران ماں و بچے کی صحت کے لئے ایک ارب روپے کی مالیت سے ڈے کیئر سنٹر قائم کئے جارہے ہیں جہاں پر کام کرنے والی خواتین اپنے بچوں کو ساتھ رکھیں گی اور انہیں دودھ بھی پلا سکتی ہیں-انہوں نے کہا کہ محکمہ بہبود آبادی اس سلسلے میں اہم کردار ادا کررہا ہے - تحصیل اور ضلع کی سطح پر مراکز اور سنٹرز قائم کئے جارہے ہیں-

متعلقہ عنوان :