گلشن اقبال میں400بستروں کا اسپتال اگلے سال تک فعال ہو جائے گا،جام مہتاب ڈھر

جمعرات 20 اگست 2015 15:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20 اگست۔2015ء)صوبائی وزیر صحت جام مہتاب حسین ڈھر نے کہا ہے کہ1736ملین روپے سے زائد لاگت سے تعمیر کیا جا نے والا 400بستروں کا ہسپتال گلشن اقبال میں اگلے سال کے وسط سے فعال ہو جائے گا ااور اس منصوبے کو جلد مکمل کرنے کے لئے مزید 50ملین روپے کی سمری منظوری کے لئے وزیر اعلیٰ سندھ کو ارسال کر دی گئی ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو اپنے دفتر میں متعلقہ اداروں کے افسران کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں سیکریٹری صحت سعید احمد منگنیجو، ای ڈی او صحت کراچی ڈاکٹر ظفر اعجاز ، ورکس اینڈ سروسز کے ایگزیکٹو انجینئر مختار احمد سومرو اور دیگر نے شرکت کی ۔ انہوں نے کہا کہ 400بستروں کے اسپتال کی تعمیر میں تاخیر کا سخت نوٹس لیا گیا ہے اور متعلقہ ٹھیکے دار کو تنبیہ کردی گئی ہے جبکہ محکمہ خزانہ سے فنڈز کے جلداجراء کو ممکن بنایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ پہلے مرحلے میں او پی ڈی کو فعال کیا جائے تاکہ علاقہ کے لوگوں کو سہولت میسر آسکے اور بتدریج دیگر شعبوں کو بحال کیا جائے گا۔ جام مہتاب حسین ڈھر نے مزیر کہا کہ محکمہ صحت سندھ کراچی سمیت سندھ بھر میں جاری محکمہ صحت کے متعلق تمام منصوبوں کو اپنے دائرہ اختیار میں لے گا اور 400بستروں کے ہسپتال سے متعلق دو دن میں رپورٹ پیش کی جائے کہ وہ کس مرحلے میں ہے کیونکہ ان کے دورے کے موقع پر تعمیراتی کاموں میں سست روی دیکھنے میں آئی ہے ۔

صوبائی وزیر صحت نے بتایا کہ اس ہسپتال کی تعمیر سے علاقے کے لوگوں کو جنرل او پی ڈی، لیباریٹریز ، تشخیص کی سہولیات ، بلڈ بنک، سی ٹی اسکین، ایم آر آئی ، ڈائلیسز اور ایمرجنسی کی سہولیات میسر آئیں گی۔ حکومت سندھ کراچی سمیت صوبے بھر کے عوام کو صحت کی بہتر ین اور معیاری سہولیات فراہم کرنے میں کوشاں ہے۔