افغانستان،شوگر مل میں خودکش حملہ،6ارکان پارلیمنٹ سمیت 90افراد ہلاک

منگل 6 نومبر 2007 18:03

بغلان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6نومبر۔2007ء) افغان صوبے بغلان میں خودکش حملے میں چھ ارکان پارلیمنٹ سمیت نوے افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ طالبان نے صوبے دی کندی کے ایک ضلع پر قبضہ کرلیا ہے ۔ حکام کے مطابق خودکش حملہ کابل کے شمالی علاقے میں اس وقت کیا گیا جب ارکان پارلیمنٹ شوگر مل کا دورہ کررہے تھے ۔پولیس کا کہنا ہے حملے میں افغان پارلیمنٹ کے رکن سید مصظفیٰ کاظمی سمیت چھ ارکان پارلیمنٹ بھی ہلا ک ہو ئے ہیں ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب طالبان نے وسطی صوبے دے کندی کے ضلع پرقبضہ کر لیا ہے جس کے بعدافغانستان میں طالبان کے زیر کنٹرول اضلاع کی تعداد تین ہو گئی ہے ۔ افغان حکام کے مطابق گاڑیوں میں سوار ساٹھ کے قریب طالبان نے ضلع پر حملہ کردیا اور پولیس کو پیچھے دھکیلتے ہوئے قصبے کا رابطہ مرکزی شاہراہ سے توڑ دیا ۔ دے کندی کے گورنر سلطان علی اورگانی نے بتایا کہ پولیس نے ضلع کاجران میں طالبان کے خلاف بھرپور مزاحمت کی ۔ تاہم بعد میں پولیس کو پسپائی اختیار کرنی پڑی اس دوران لڑائی میں ایک شخص ہلاک اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا۔