ذیابیطس اندھے پن کی بڑی وجہ ہے ،ہر سال ایک لاکھ ستر ہزار افراد نابینا ہو جاتے ہیں‘ڈاکٹر سلیم اختر

منگل 25 اگست 2015 13:01

ذیابیطس اندھے پن کی بڑی وجہ ہے ،ہر سال ایک لاکھ ستر ہزار افراد نابینا ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 اگست۔2015ء)پاکستان میں ہر تین منٹ بعد ایک شخص آنکھوں کے مرض میں مبتلاہو رہا ہے،یہ نہیں ہر سال ایک لاکھ ستر ہزار افراد نابینا ہو جاتے ہیں جبکہ ملک میں اس وقت نابینا افراد کی کل تعداد تیس لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ رحمت لٹن آئی ہسپتال کے سینئر آئی سرجن ڈاکٹر سلیم اختر ، ڈاکٹر ظفر اقبال میاں اور ڈاکٹر محمد افضل میو نے گلوبل لیز ہسپتال لنک روڈ ماڈل ٹاؤن لاہو ر میں آنکھوں کے امراض کے حوالے سے منعقدہ مجلسِ مذاکرہ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تازہ اعدادو شمار کے مطابق گذشتہ بیس سال میں ساٹھ لاکھ سے زائد آنکھوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کا علاج ہو چکا ہے۔

پاکستان کی سترہ فیصد آبادی ذیابیطس کی شکار ہے جو اندھے پن کی ایک اہم وجہ ہے ۔

(جاری ہے)

پیدائشی نابینا بچے عموماً موتیے کی بیماری میں مبتلا ہوتے ہیں ۔ جو قابلِ علاج ہوتا ہے ۔ والدین کی غفلت اور شعور نہ ہونے کی وجہ سے بچے باقی زندگی اندھے پن کے ساتھ گزار دیتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اپنے بچوں اور ان کی صحت کے متعلق مختلف امور کے حوالے سے ہماری مجرمانہ غفلت کا اس سے بڑا ثبوت اور لمحہ فکریہ اور کیا ہوگاکہ ہمارے پاس ایسے کوئی بھی سرکاری و غیر سرکاری مصدقہ اعدادو شمار ہی سرے سے موجود نہیں ہیں کہ جن سے پتہ چل سکے کہ ہر سال کتنے فیصد بچے پیدائشی طور پر آنکھوں کے امراض و مسائل کا شکار ہوتے ہیں ۔