Live Updates

صدر سے چوہدری شجاعت اور وزیر اعلی پنجاب کی ملاقات ، انتخابات مقررہ وقت پر کر انے کا قوم سے وعدہ پورا کر نے کااعلان کیا ہے، صدرمشرف ،مسلم لیگ کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب سے وزیر قانون، وزیر صحت اور ارکان اسمبلی کی ملاقاتیں

پیر 12 نومبر 2007 19:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12نومبر۔2007ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے پیر کو صدر مملکت جنرل پرویز مشرف سے اہم ملاقات کی جس میں ملکی کی سیاسی صورتحال، جنوری میں عام انتخابات کے انعقاد اور ایمر جنسی کے نفاذ کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔ صدر مملکت جنرل پرویز مشرف نے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے قوم سے کیا گیا وعدہ پورا کر دیا ہے اور انتخابات جنوری کے پہلے ہفتے میں ہونگے قومی اسمبلی پندرہ اور تین صوبوں کی صوبائی اسمبلیاں بیس نومبر کو تحلیل کر کے نگران حکومتیں تشکیل دے دی جائیں گی ۔

صدر مملکت نے کہاکہ انتخابات کو شفاف اور منصفانہ بنایا جائیگا ۔ اور نگران حکومت شفاف انتخابات کرائے گی ۔

(جاری ہے)

صدرمملکت نے کہاکہ تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابات میں حصہ لینا چاہیے اور عوام جسے منتخب کرینگے اسے حکومت کر نے کاحق حاصل ہوگا۔ انتخابات جنوری میں کرانے کااعلان کر نے پر چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الہی نے صدر مملکت کو مبارکباد پیش کیا اور کہاکہ صدر نے قوم سے اپنا وعدہ پورا کیا ہے ۔

مسلم لیگ انتخابات کے لئے تیار ہے اور اتحادیوں سے ملکر الیکشن میں حصہ لے گی ۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں پیپلز پارٹی کی چیئر پرسن بے نظیر بھٹو کی طرف سے لانگ مارچ اور صدر مملکت کو تنقید کا نشانہ بنانے کے بیانات کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس حوالے سے بھی حکمت عملی پر غور ہوا ۔دریں اثناء چوہدری شجاعت حسین وزیر اعلی پنجاب سے وزیر قانون زاہد حامد، وزیر صحت نصیر خان، رکن قومی اسمبلی علی اکبر وینس نے ملاقاتیں کیں اور عام انتخابات کے امورپر بات چیت کی گئی ۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات