اپوزیشن جماعتیں اگر متحد ہوجائیں تو حکمرانوں کے پاس بھاگنے کے سواکوئی راستہ باقی نہیں بچے گا۔اضی حسین احمد۔۔۔معاشر ے کے تمام طبقات پر لازم ہے کہ آئین توڑنے والوں کیخلاف صدائے حق بلند کریں‘میڈیا سے گفتگو

بدھ 14 نومبر 2007 16:03

چیچہ وطنی(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار14 نومبر2007) متحدہ مجلس عمل کے سربراہ قاضی حسین احمد نے کہااپوزیشن جماعتیں اگر متحد ہوکرڈکیٹر شپ کیخلاف تحریک کا آغاز کریں تو صدر جنرل پرویز مشرف کے پاس اقتدار چھوڑ کر بھاگ جانے کے سواکوئی راستہ باقی نہیں بچے گا بدھ کو چیچہ وطنی میں جماعت اسلامی کے کارکنان سے ٹیلیفونک خطاب میں انہوں نے کہا باوردی صدر نے ایمر جنسی کے نام پر ملک میں بدترین مارشل لا کا نفاذ کرکے آئین اور جمہوریت کو پاش پاش کردیا،حکومت کا آلہ کار نہ بننے والے ججوں کو پی سی او کے ذریعے معزول کردیا گیاحتیٰ کہ عوام تک حقائق پہنچانے والا میڈیا بھی حکمرانوں کے جبر سے محفوظ نہ رہ سکا،ان حالات میں معاشر ے کے تمام طبقات پر لازم ہے کہ وہ آئین توڑنے والوں کیخلاف صدائے حق بلند کریں،قاضی حسین احمد نے کہا پیپلز پارٹی کی چےئر پرسن محترمہ بینظیر بھٹو نے حکومت کیخلاف مشترکہ لائحہ عمل کیلئے ہمارے ساتھ رابطہ کیا ہے ،اے پی ڈی ایم جلد ہی اس سلسلہ میں بہتر فیصلہ کریگی،ان کا کہنا تھا صدر جنرل پرویز مشرف نگران سیٹ اپ میں” ڈمی“ لوگوں کو شامل کرنا چاہتے ہیں تاکہ الیکشن میں مرضی کے نتائج حاصل کئے جاسکیں، ہماری نظر میں وزیر اعظم شوکت عزیز،مسلم لیگ(ق)کے سربراہ چودھری شجاعت حسین اور وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی بھی ”ڈمی “ہیں،قاضی حسین احمد نے کہا ہم جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا بھی ارادہ رکھتے ہیں حکمران ہمارے لاکھوں کارکنان کو گرفتار کرکے کہاں رکھیں گے،جیلیں تو پہلے ہی سیاسی کارکنان سے بھری ہوئی ہیں،ان کا کہنا تھا کہ متحدہ مجلس عمل میں کسی قسم کے اختلافات نہیں حتیٰ کہ مولانا فضل الرحمٰن سے بھی مشاورت قائم ہے اور تمام تر حکومتی کوششوں کے باوجود ایم ایم اے قائم رہے گی۔

متعلقہ عنوان :