پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ میں مستحق مریضوں کا مفت علاج ہوگا:شہبازشریف

پیر 7 ستمبر 2015 16:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 ستمبر۔2015ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت آج یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ و ریسرچ سنٹر کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کا منصوبہ نہایت اہمیت کا حامل ہے جس پر اربوں روپے لاگت آئے گی اور یہاں غریب، نادار اور مستحق مریضوں کا سو فیصد مفت علاج ہوگا۔

انہو ں نے کہا کہ گردے و جگر کے امراض کے جدید علاج کے حوالے سے یہ ادارہ خطے میں سٹیٹ آف دی آرٹ ہوگا اور اس منصوبے کی تکمیل سے گردے اور جگر کے مریضوں کو جدید ترین طبی سہولتیں ایک چھت تلے میسر آئیں گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ نہایت اہمیت کے حامل اس منصوبے پر دن رات کام کیا جائے اور تیز رفتاری سے تعمیراتی کام کو مکمل کیا جائے اور اس ضمن میں تمام متعلقہ ادارے اور محکمے مربوط انداز میں منصوبے کو آگے بڑھائیں۔

انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طور پر پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کے منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لوں گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ میڈیکل سائنس، کلینیکل ریسرچ اور طبی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے ایک عظیم شاہکار ہوگا اور اس ادارے کا شمار دنیا کے اعلیٰ ترین معیار کے اداروں کے عین مطابق ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو علاج معالجے کی بہترین سہولتوں کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہے اور اسی مقصد کے پیش نظر لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ و ریسرچ سنٹر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے اور اس کی جلد از جلد تکمیل کیلئے ہرممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔

مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق، سیکرٹری صحت، ایم ڈی نیسپاک، پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے بورڈ آف گورنر کے صدر ڈاکٹر سعید اختر اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :