افسران، متعلقہ ادارے ڈینگی مچھر کی افزائش روکنے ، شہریوں کو احتیاطی تدابیر سے آگاہ کرنے کا ٹاسک تیزی سے مکمل کریں، ساجد ظفر ڈال

پیر 7 ستمبر 2015 16:51

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 ستمبر۔2015ء) )انسداد ڈینگی کے جائزہ اجلاس کے دوران قائم مقام کمشنر راولپنڈی ساجد ظفر ڈال نے سرکار ی محکموں کے افسران تمام متعلقہ اداروں اور تنظیموں کے نمائندوں سے کہا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ وقت فیلڈ میں گزاریں اور باہمی رابطے کو موثر بنا کر عوامی شرکت سے ڈینگی مچھروں کی افزائش روکنے اور شہریوں کواحتیاطی تدابیر سے آگاہ کرنے کا ٹاسک تیزرفتاری سے مکمل کریں ۔

انہوں نے کہا کہ ڈینگی پر قابو پانے کی ذمہ داریوں سے غفلت برتنے والے ملازمین کے خلاف انضباطی کاروائی شروع ہو گئی ہے اور جوادارے تنبیہ کے باوجود ڈینگی پھیلانے کا باعث بن رہے ہیں ان کے خلاف مقدمات درج کیے جارہے ہیں ۔اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری چوہدری سرفراز افضل ،اراکین صوبائی اسمبلی راجہ محمد حنیف ایڈووکیٹ ، ملک افتخار احمد ، انچارج ڈینگی پروگرام ڈاکٹر وسیم اکرم ، اے سی کینٹ خالد گورائیہ ،اے سی (سٹی ) قرتہ العین ، ایم ڈی سالڈ ویسٹ ، محکمہ تعلیم ، صحت ، کواپریٹو، سوشل ویلفئیر ، آر ڈی اے ، واسا ، ریلوے ، کیرج فیکٹری ، زراعت ، لائیو سٹاک ، جنگلات ، خوراک ، کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی ، چکلالہ ، راول ٹاؤن ، پوٹھوہار ٹاؤن اور دیگر اداروں کے افسران نے شرکت اور اپنے محکموں کی طرف سے ڈینگی پر قابو پانے کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

ساجد ظفرڈال نے کہاکہ تمام فوکل پرسنز ٹاونز کی سطح پر انسداد ڈینگی پر قابوپانے کے لیے طے شدہ حکمت عملی پر عمل درآمد یقینی بنائیں اور اپنے ڈیوٹی کے مقامات پر حاضر رہیں ۔ انہوں نے کہاکہ راولپنڈی میں ڈینگی مریضوں کی تعداد کو مد نظر رکھتے ہوئے سخت اقدامات اٹھائے گے ہیں اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات پر ڈینگی ماہرین اور سینئر افسران راولپنڈی میں انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں شریک عملے کی کارکردگی مانیٹر کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ جو محکمے انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں شریک نہیں انھیں بھی اس میں شریک کیا جائے اور راولپنڈی شہر کے ساتھ ساتھ کنٹونمنٹ بورڈز اور ریلوے ایریاز میں بھی صفائی و ستھرائی کا نظام بہتر بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کے علاقے چاہ سلطان اور امرپورہ پر مشتمل یونین کونسل نمبر 30 ،32 سے ڈینگی کے مریضوں کی تعداد زیادہونے پر یہاں زیادہ ڈینگی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں اور محکمہ ہیلتھ اور دیگر اداروں کے افسران بھی باقاعدگی کے ساتھ دورے کرکے فوگنگ اور دیگر سرگرمیوں کا جائزہ لے رہے ہیں ۔ ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر ناصرمحمود اور دیگر محکموں کے سربراہوں نے انسداد ڈینگی اقدامات کے بارے میں ہونے والی سرگرمیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔

متعلقہ عنوان :