پنجاب میں تین روزہ انسداد پولیو مہم 14 ستمبر سے شروع ہوگی

منگل 8 ستمبر 2015 14:41

فیصل آباد ۔8 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 ستمبر۔2015ء)صوبہ بھر میں تین روزہ قومی انسداد پولیو مہم 14 ستمبر ( پیر) سے شروع ہوگی جس میں5سال تک کی عمر کے ایک کروڑ 60لاکھ سے زائد بچوں کو حفاظتی ویکسین کے قطرے پلانے کیلئے ہزاروں موبائل ، فکسڈ ، ٹرانزٹ پوائنٹس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جبکہ محکمہ صحت کے تمام ای ڈ ی اوز کو اپنے موبائل نمبرز پبلک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور عملہ کی تربیت مکمل کرنے سمیت بھرپور مانیٹرنگ کیلئے بھی انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔

ڈائریکٹوریٹ ہیلتھ سروسز فیصل آباد ڈویژن کے ترجمان نے بتایاکہ محکمہ صحت کی ٹیمیں گھر گھر ، گلی گلی ، محلہ محلہ جا کر 5سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی حفاظتی ویکسین کے قطرے پلائیں گی۔ انہوں نے بتایاکہ موبائل ٹیموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ چونکہ تمام سکول اور تعلیمی ادارے بھی معمول کے مطابق کھلے ہوئے ہیں لہٰذا نرسری و پرائمری سکولوں کو بھی خصوصی طور پر فوکس کرتے ہوئے وہاں بھی 5سال تک کی عمر کے بچوں کو حفاظتی ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ محکمہ صحت کی ٹیمیں تمام بس وو یگن سٹینڈز ، ریلوے سٹیشنز ، ایئرپورٹ اور اہم مارکیٹوں و پبلک مقامات پر بھی موجود ہوں گی تاکہ کسی بھی وجہ سے کوئی بھی بچہ حفاظتی ویکسین کے قطرے پینے سے محروم نہ رہ سکے۔ انہوں نے بتایاکہ پولیو ٹیموں کی کارکردگی کے جائزہ کیلئے ایریا انچارجز اور ذونل سپروائزرز کا تقرر بھی کر دیاگیاہے جن کی مانیٹرنگ ڈپٹی ، ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ، ای ڈی او ہیلتھ خود کریں گے۔ انہوں نے بتایاکہ تمام بی ایچ یوز ، آر ایچ سیز، تحصیل و ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز پر بھی پولیو ٹیمیں ہمہ وقت موجود رہیں گی۔