نصف کے قریب امریکی بالغوں کو شوگر کا مرض لاحق ہے، طبی ماہرین

بدھ 9 ستمبر 2015 13:19

واشنگٹن ۔ 9 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 ستمبر۔2015ء) طبی ماہرین نے کہا ہے کہ نصف کے قریب امریکی بالغوں کو شوگر کا مرض لاحق ہے تاہم عشروں تک کیے جانے والے حفاظتی اقدامات کے باعث اس کا پھیلاؤ رک گیا ہے۔ جرنل آف میڈیکل ایسوسی ایشن میں شائع ہونے والی ایک تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیاہے کہ 2011 ء سے 2012 ء کے درمیان40 فیصد کے قریب امریکی بالغوں کو ابتدائی مرحلے کی شوگر لاحق تھی جبکہ 12 سے 14 فیصد امریکی مکمل طور اس مرض میں مبتلاء تھے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مکمل طور پر شوگر کے مریضوں میں سے 36.4 فیصد ایسے تھے جنھوں نے مرض کی تشخیص ہی نہیں کرائی تھی جبکہ ایشیائی امریکیوں اور لاطینی امریکیوں میں اس کی شرح کہیں زیادہ تھی۔لاطینی امریکیوں میں شوگر کے مرض کی شرح 22.6 فیصد سے زیادہ، افریقی امریکیوں میں 21.8 فیصد، ایشیائی امریکیوں میں 20.6 فیصد جبکہ گوروں میں اس کی شرح 11.3 فیصد تھی۔انھوں نے کہا کہ 1988ء سے 1994 ء کے دوران شوگر سے متاثرہ افراد ملکی آبادی کا 9.8 فیصد تھے جن کی تعداد بڑھنے کے بعد2001 ء سے 2002 ء کے دوران 10.8 فیصد پر آگئی جو 2011 ء سے 2012 ء کے دوران 12.4 فیصد ریکارڈ کی گئی ۔