ٹماٹر میں پائے جانے والے اجزاء سرطانی خلئے بننے سے روکتے ہیں،طبی ماہرین

جمعہ 18 ستمبر 2015 14:22

لاہور ۔18 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 ستمبر۔2015ء)طبی ماہرین کے مطابق ٹماٹر کا شمار پھلوں میں ہوتا ہے اور یہ پھل اپنے اندر بے شمار فوائد رکھتا ہے جو انسانی صحت کیلئے بہت مفید اور کار آمد ہے۔ ان خیالات کا اظہار ہربل ادویات کے ماہر طبیب حکیم منیر احمد امر تسری نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹماٹر کو کئی طریقوں سے استعمال کیا جاتا ہے اس لئے اسے دستر خوان سے دور رکھنا ممکن نہیں ہے۔

(جاری ہے)

حکیم منیر احمد نے کہا کہ ٹماٹر میں ایسے قیمتی اجزاء پائے جاتے ہیں جو انسانی جسم میں سرطان کے سیل کو بننے سے روکتے ہیں اور یہ پھل انسانی صحت کو درپیش مسائل وبیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جسم میں موجود مضر صحت سیل اس کے استعمال سے جسم سے خارج ہوتے ہیں۔ علاوہ ازیں ٹماٹر کا استعمال سرطان جیسے موذی امراض، امراض قلب اور کولیسٹرول کو اعتدال میں رکھنے میں مدد گار ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹماٹر آنکھوں کے امراض بالخصوص موتیا ودیگر بیماریوں میں سخت مزاحمت اور جراثیم کو روکتا ہے انہوں نے کہا کہ ٹماٹر پر عالمی سطح پر بھی تحقیق جاری ہے تاہم یہ پھیپھڑے اور چھاتی کے سرطان میں بھی مفید ہے۔