20ملین پاکستانی دماغی امراض و مسائل کا شکار ہیں،یہ تعداد دل،کینسر، شوگر کے امراض کے شکا ر افرادسے زیادہ ہونے کے باوجود ذہنی صحت کا مرض پاکستان میں سب سے زیادہ نظرانداز مرض ہے

لونڈبیک کے کنٹری منیجر اسلم شیخ کاتقریب سے خطاب

ہفتہ 19 ستمبر 2015 15:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 ستمبر۔2015ء) لونڈبیک کے کنٹری منیجر اسلم شیخ نے کہا کہ 20ملین سے زیادہ پاکستانی جوکہ کل آبادی کا دس فیصد ہیں دماغی امراض و مسائل کا شکار ہیں،یہ تعداد دل،کینسر، شوگر کے امراض کے شکا ر افرادسے زیادہ ہونے کے باوجود ذہنی صحت کا مرض پاکستان میں سب سے زیادہ نظرانداز مرض ہے۔مارک لونڈبیک کی سویں سالگرہ کے موقع پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوے لونڈبیک کے کنٹری منیجر اسلم شیخ نے کہا کہ ان خطرناک اعدادوشمار کو دیکھتے ہوے پاکستان میں ذہنی صحت کے امراض کی تشخیص اور علاج کے لیے عوام میں شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے، بد قسمتی سے پاکستان میں ذہنی صحت کے معالج ،سہولیات اور شعور کی کمی کی وجہ سے لاکھوں لوگ اور خاندان ذہنی امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان جیسے ممالک جہاں لوگوں کو سماجی اور سکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے وہاں لوگ ذہنی دباؤ، کشیدگی اور تناؤ جیسے عوامل کا شکار ہو کر ذہنی امراض میں مبتلا ہو جا تے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ لونڈبیک نے لینڈبیک انسٹیٹیوٹ 1997میں قائم کیاتھا تاکہ عا لمی سطح پر صحت عامہ کے ماہرین کو ذہنی امراض کے بارے میں تعلیم دی جائے اور اسی طرح پاکستان میں بھی صحت عامہ کے ماہرین کے ساتھ مل کر ذہنی صحت کے بارے میں شعور کے فروغ ،تعلیم اور علاج کے لیے بھی کام کر رہے ہیں ، انہوں نے ڈینش سفارتخانے کا لونڈبیک کی سویں سالگرہ کی تقریب کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس تقریب کے ذریعے ذہنی صحت کے بارے میں شعور کی آگاہی ،ذہنی امراض کے سماجی و اقتصادی اثرات اور پاکستان میں ان کے علاج کے بارے مین روشنی ڈالنے کا موقع ملا۔

مہمانوں سے خطاب کرتے ہوے ڈینش سفارتخانے کی ناظم الامور مس ہیلی نیلسن نے کہا کہ ہمیں پاکستا ن میں ایک ممتاز ڈینش کمپنی کی سویں سالگرہ منانے پر فخر ہے ،لو نڈبیک ایک بہترین مثالی کمپنی ہے جو پاکستان سمیت دنیا بھر میں معیاری اور جدید ترین فارماسیوٹیکل مصنوعات اور ادویات فراہم کرتی ہے حتی کہ آج سو سال بعد بھی لو نڈبیک نئی مصنوعات بنانے اور لوگو ں کی سماجی زندگی میں بہتری لانے کے لیے مصروف ہے۔

کسی بھی کمپنی کے لیے سو سال تک اپنی اہمیت برقرار رکھنا اور صارفین کو بہتر خدمات فراہم کرنا اعزاز ہے، ہم لو نڈبیک کو لاکھوں لوگوں کی خدمت کرنے اور اچھی روایات قائم کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔اس تقریب کا انعقاد اسلام آباد میں ڈنمارک کے سفارتخانے نے لو نڈبیک کے تعاون سے کیاتھا جس میں ماہرین نفسیات،ڈاکٹرز، آفیشلز اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :