گوشت کو 20 دنوں سے زیادہ فریزرکھنے سے اس کی غذائیت متاثر ہوتی ہے ، ماہرین غذائیات

پیر 21 ستمبر 2015 16:17

گوشت کو 20 دنوں سے زیادہ فریزرکھنے سے اس کی غذائیت متاثر ہوتی ہے ، ماہرین ..

اسلام آباد ۔ 21 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 ستمبر۔2015ء) ماہرین غذائیات کا کہنا ہے کہ گوشت کو 20 دنوں سے زیادہ فریزرمیں ر کھنے اور بار بار فریج سے نکالنے سے گوشت کی تازگی اور غذائیت متاثر ہوتی ہے جو انسانی صحت کیلئے نقصان دہ ہے ۔عیدالاضحیٰ کے موقع پر کئی کئی ہفتوں تک قربانی کے گوشت کو فریج یا ڈیپ فیزر میں رکھنا معمول بن گیا ہے تا کہ عید کے ایام کے بعد میں قورمہ ‘ بریانی ‘ تکے ،چانپیں اورمزے مزے کی چٹ پٹے کھانوں کے مزے لئے جا سکیں۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ بلڈ پریشر اور امراض قلب کے مریضوں کوگوشت کھانے میں زیادہ احتیاط کرنی چاہئے۔ طبی ماہرین نے خبردارکیا ہے کہ قربانی کا گوشت محتاط ہوکر اعتدال کے ساتھ کھائیں اور گوشت کو 20 دنوں سے زیادہ فریج اور فریزر کی زینت نہ بنائیں کیونکہ بار بار فریج کھولنے سے گوشت کی تازگی اور غذائیت بھی متاثر ہوتی ہے جو انسانی صحت کیلئے نقصان دہ ہے ۔

(جاری ہے)

طبی ماہرین باربی کیو سے بھی ہاتھ روکنے کی تلقین کرتے ہیں۔

ماہرین کاکہنا ہے کہ بار بی کیو کا گوشت مکمل نہیں پکتا اس لیے جلد ہضم نہیں ہوتا۔ گوشت کے پکوانوں میں مصالحوں کا زیادہ استعمال دل ‘ بلڈ پریشر کے مریضوں کیلئے نقصان دہ ہو سکتا ہے اس لئے ایسے افراد کو گوشت کھانے میں احتیاط برتنے کی ضرورت ہوتی ہے۔دریں اثناء عید الاضحی کی آمد کے ساتھ ہی مویشی منڈیوں میں رش بڑھ گیا ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ بازاروں میں بھی رش بڑھ گیا۔

شہریوں نے عید کی خریداری شروع کر دی ہے ، جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد میں عید الاضحی کی آمد کے ساتھ ہی بازاروں میں سلے، ان سلے ملبوسات ، ہوزری کے سامان، چوڑیوں، مصنوعی زیورات اور جوتوں کے خصوصی سٹال لگے ہوئے ہیں، ان سٹالوں پر بڑی تعداد میں شہری اپنے بچوں کی عید کی خوشیاں پوری کرنے کے لئے خریداری میں مصروف نظر آ رہے ہیں جبکہ بازاروں میں سلے سلائے ملبوسات ،منیاری کے سامان اور جوتوں کی خریداری کا سلسلہ عروج پر ہے