خبردار!موٹاپے سے نجات کے لیے زیادہ سبز چائے پینے کا انجام خطرناک ہوسکتا ہے

Fahad Shabbir فہد شبیر منگل 29 ستمبر 2015 21:40

خبردار!موٹاپے سے نجات کے لیے زیادہ  سبز چائے پینے کا انجام   خطرناک ہوسکتا ..

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔29ستمبر۔2015ء)ایک نوجوان لڑکی، جس نے موٹاپے سے نجات کے لیے روزانہ 3 کپ سبز چائے پینا شروع کر دی تھی، خاصی مشکل میں آگئی۔زیادہ سبز چائے پینے سے اس کی جلد پیلی پڑ گئی اور جگر سوج گیا۔ اُس نے کچھ ماہ پہلے انٹرنیٹ سے 200 بیگ سبز چائے خریدی اور روز کے تین کپ پینا شروع کر دئیے، جس کے بعد اسے چکر آنے لگے اور اس کے جوڑوں میں بھی درد ہوگیا۔

لڑکی، جس کی شناخت ظاہر نہیں کی ، نے اخبار کو بتایا کہ سبز چائے لوگوں کی صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہے، میں نے اس کے 100 بیگ والے 2 ڈبے خریدے اور کچھ ماہ تک روز 3 کپ سبز چائے پی جس سے میرا وزن تو صرف چند پاؤنڈ کم ہوا مگر جوڑوں کےد رد، چکر اور دوسری بیماریوں کا شکار ہو گئی۔ابتدا میں ڈاکٹر سمجھے کہ وہ ادراری قطعے کی عفونت(urinary tract infection) کا شکار ہو گئی ہے اس لیے ڈاکٹروں نے اسے اینٹی بائیوٹک ادویات دینی شروع کر دیں۔

(جاری ہے)

ادویات کی دو خوراکیں ہی لی تھی کہ اس لڑکی کو ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں لے جانا پڑ گیا۔ اس کی جلد پیلی ہو گئی تھی اور جگر سوجنا شروع ہوگیا تھا۔لڑکی نے ڈاکٹروں کو بتایا کہ نہ ہی اس نے کوئی گولیاں لی ہیں اور نہ ہی نشہ کرتی ہے۔ وہ تو سمجھ رہی تھی کہ اس یرقان ہوگیا ہے۔ ڈاکٹروں نے سبز چائے کہ بیگ کا معائنہ کیا تو معلوم ہوا کہ اصل مجرم سبز چائے ہے۔

ڈاکٹروں کے علاج کے بعد اس کے جگر کی سوجن کافی کم ہو گئی ہے اور جگرباقاعدگی سے کام کرنے لگا ہے۔ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ سبز چائے میں استعمال ہونے والے ایک پودے Camellia sinensis کے پتے اس ساری بیماری کی جڑ بنے۔ لڑکی نے کہا ہے کہ اب وہ کبھی بھی انٹرنیٹ سے وزن کم کرنے والی کوئی پروڈکٹ نہیں خریدے گی۔اس نے یہ بھی کہا کہ کسی بھی چیز کو خریدتے ہوئے اس کے سائیڈ ایفکٹس کا معلوم ہونا بہت ضروری ہے۔ اس نے بتایا کہ اس نے جو سبز چائے خریدی تھی، اس کے اجزاء چینی زبان میں لکھے تھے۔