بلوچستان اور خیبر پختون خوا میں پولیو کے دو مزید کیسز سامنے آگئے ‘ تعداد 34ہوگئی

بدھ 30 ستمبر 2015 13:52

اسلام آباد/ کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 ستمبر۔2015ء) بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں پولیو کے دو مزید کیسز سامنے اپنے کے بعد رواں سال ملک بھر میں تعداد 34 ہوگئی ہے۔قومی ادارہ صحت کے ایک عہدیدار کے مطابق حالیہ سامنے آنے والے پولیو کے کیسز پشاور میں ایک سالہ بچی ‘ کوئٹہ میں 3 سالہ بچہ کی معذوری کا سبب ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ رواں سال 14 پولیو کیسز خیبر پختونخوا سے 10 وفاق کے زیر انتظام علاقے فاٹا سے، 6 بلوچستان اور 4 سندھ سے رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ پنجاب سے ایک بھی پولیو کیس سامنے نہیں آیا۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشن سیل (این ای او سی) کے سربراہ ڈاکٹر رانا صفدر کے مطابق کوئٹہ کے متاثرہ بچے کو پولیو کی 7 بار ‘ پشاور کی متاثرہ بچی کو پولیو کی 5 بار ویکسی نیشن فراہم کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ ملک میں بچوں کو ویکسین فراہم کی جارہی ہے تاہم ان دونوں بچوں میں یہ مرض غذائی قلت کی وجہ سے پیدا ہونے والے قوت مدافعت کی کمی کے باعث پیدا ہوا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایسا ہی ایک کیس بنگلہ دیش میں بھی سامنے آیا ہے جس میں ایک بچے کو 10 بار پولیو ویکسی نیشن فراہم کی گئی تھی تاہم وہ پولیو وائرس کا شکار ہوگیاایمرجنسی آپریشن سیل (ای او سی) کے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ایک عہدیدار کے مطابق صوبے میں سامنے آنے والا حالیہ پولیو کیس جس بچے میں رپورٹ ہوا اس کی شناخت نقیب اللہ ولد حاجی ستار کے نام سے ہوئی ہے جو کوئٹہ کے بائی پاس روڈ کے علاقے قلعی بارکزئی کا رہائشی ہے۔یہ بلوچستان میں رواں سال سامنے آنے والے پولیو کا چھٹا کیس ہے جن میں سے ایک لورالائی، ایک قلعہ عبداللہ اور 4 کوئٹہ سے سامنے آئے ہیں۔