بہتر صحت کیلئے سبزیاں اور صبح کی سیر ضروری ہے‘ حکماء

جمعرات 1 اکتوبر 2015 14:37

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم اکتوبر۔2015ء)) انسانی جسم کو خوراک کے جن اجزاء کی ضرورت ہوتی ہے زیادہ پکانے سے وہ اجزاء اکثر اپنی افادیت کھو بیٹھتے ہیں ، میڈیکل سائنس اور ماہرین غذائیت زیادہ تر اسی بات پر زور دیتے ہیں کہ انسان کو صحت مند رہنے کیلئے زیادہ سے زیادہ کچی خوراک اور سلاد کا استعمال کرنا چاہئے اور سیر کو معمول بنانا چاہئے ۔

ان خیالات کا اظہارپروفیسر حکیم محمد احمد سلیمی،پروفیسر حکیم سید عمران شاہ،حکیم محمد افضل میو،حکیم حامد محمود،حکیم احمد حسن نوری اور حکیم ڈاکٹر عمر فاروق گوندل نے پاکستان طبی کانفرنس لاہور کے زیر اہتمام سبزی خوری کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ مجلس مذاکرہ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ حکماء نے بتایا کہ خوراک میں متعدداقسام کی سبزیاں جیسے گاجر ، مولی ، ٹماٹر، ککڑی ، چقندر، گوبھی ، شملہ مرچ، اور شلجم وغیرہ شامل ہیں ان سبزیوں میں شامل وٹامنز اور نمکیات زیادہ تر پکانے سے ضائع ہو جاتے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس سبزیوں میں صحت بخش اجزاء یعنی فائیٹو کیمکلز اور دافع تکسیدی عوامل بھی شامل ہوتے ہیں وہ صرف چالیس سینٹی گریڈ پر ہی اپنی اصلی حالت تبدیل کر لیتے ہیں اور ان کے استعمال سے ہم وہ فوائد حاصل نہیں کر سکتے جو انہیں کچی یا خام حالت میں استعمال کرنے سے حاصل کئے جاسکتے ہیں ۔