بڑے قد کی خواتین میں کینسر لاحق ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں،ماہرین

جمعہ 2 اکتوبر 2015 12:53

بڑے قد کی خواتین میں کینسر لاحق ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں،ماہرین

پیرس ۔ 02 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 اکتوبر۔2015ء) سویڈن کے ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ بڑے قد کی خواتین میں کینسر کے امکانات چھوٹے قد کی خواتین کے مقابلے میں زیادہ ہوتے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق بارسلونا میں منعقد ہونے والی میڈیکل ریسرچ میں پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق بڑے قد کی خواتین میں چھوٹے قد کی خواتین کی نسبت کینسر لاحق ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

ریسرچ کے مطابق بڑے قد کے مردوں میں کینسر لاحق ہونے کے 10فیصد امکانات موجود ہوتے ہیں تاہم بڑے قد کی عورتوں میں کینسر لاحق ہونے کے امکانات 18فیصد تک ہوتے ہیں جو کہ مردوں کے مقابلے میں 8فیصد زیادہ ہیں تاہم ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ کینسر جیسے موذی مرض کے لاحق ہونے کا براہ راست تعلق خوراک اور خاندانی موروثی پس منظر سے بھی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ لمبے قد کے حامل افراد میں کینسر کے لاحق ہونے کے امکانات اس لیے بھی زیادہ ہوتے کیونکہ ان کے ہارمونز کے بڑھنے کا تناسب عام قد کے لوگوں کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے ۔

واضح رہے کہ اس سے قبل امریکا میں 2013ء کے دوران بھی ایک ایسی ہی ریسرچ پیش کی گئی تھی جس میں بڑے قد کی خواتین میں کینسر جیسے موذی مرض کے لاحق ہونے کے خطرات زیادہ بتائے گئے تھے ۔