ڈاکٹرجین مارک اولائیو کی زیرصدارت ایمرجنسی آپریشن سنٹر فاٹا سیکرٹریٹ پشاور میں اعلیٰ سطحی اجلاس

2015ء کے دوران فاٹا میں پولیو وائرس کیخلاف بڑی کامیابیاں ملی ہیں،ڈاکٹرجین مارک اولائیو

ہفتہ 3 اکتوبر 2015 16:58

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 اکتوبر۔2015ء)دنیا بھر میں پولیو کے خاتمے کیلئے کام کرنے والی اعلیٰ ترین شخصیت اور ٹکنیکل ایڈوائزری گروپ کے چیئرمین ڈاکٹرجین مارک اولائیو نے سال 2015کے دوران پاکستان خصوصاً فاٹا اور خیبر پختونخوا سے پولیو وائرس کے خاتمے کیلئے کی جانے والی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فاٹا میں پولیو وائرس کے خلاف ویکسی نیشن مہم کو بے حد سراہا ہے۔

انہوں نے فاٹا سے پولیو کے خاتمے کیلئے مسلسل کوششوں کی ضرورت پر زوردیا ہے۔وہ ایمرجنسی اپریشن سنٹر فاٹا سیکرٹریٹ پشاور میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں قومی ایمرجنسی اپریشن سنٹر کے کوارڈنیٹر ڈاکٹر رانا صفدر ، سیکرٹری لاء اینڈ آرڈر فاٹا شکیل قادر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ای پی آئی اختیار علی، ڈبلیو ایچ اوکے ڈاکٹر زبیر مفتی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر جین مارک اولائیو نے کہا کہ سال 2015کے دوران فاٹا میں پولیو وائرس کے خلاف بڑی کامیابیاں ملی ہیں ۔ انہوں نے فاٹا سے پولیو وائرس کے مکمل اور پائیدارخاتمے کیلئے مسلسل کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس میں سیکرٹری لاء اینڈ آرڈر فاٹا شکیل قادرنے پولیو وائرس کے خاتمے کیلئے درپیش مشکلات اور سال 2015کے اعداد و شماربھی بیان کئے ۔انہوں نے کہا کہ فاٹا میں اکثر بچے گھروں پر موجود نہیں ہوتے جو انسداد پولیو مہم کے دوران پولیو ڈراپس سے رہ جاتے ہیں۔

انہوں نے گھروں پر بچوں کی عدم موجودگی کو سب سے بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ مہم کے دوران مقامی حجروں میں انسداد پولیو کے قطرے پلانے کی حکمت عملی موٴثر ثابت نہ ہوسکی۔انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں پہلی بار پولیو ٹیموں کو گھر گھر جاکر انسداد پولیو کے قطرے پلانے میں کامیابیاں ملی ہیں۔ انہوں نے اس سلسلے میں پاک فوج کی جانب سے پولیو ٹیموں کوفراہم کردہ سیکورٹی کو بھی پولیو مہم کی کامیابی میں موٴثر قرار دیا۔