ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی زیر صدارت اجلاس ، ڈینگی کی روک تھام کے لئے ہنگامی طور پر لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت

منگل 6 اکتوبر 2015 13:22

اسلام آباد ۔ 6 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 اکتوبر۔2015ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈینگی کی روک تھام کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی زیر صدارت اہم اجلاس یہاں منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ صحت اسلام آباد کے تمام اسٹیک ہولڈرز، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن سی ڈی اے، ممبر ایڈمن عامر علی احمد، اسلام آباد کے تمام بڑے ہسپتالوں اور سی ڈی اے ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ کے نمائندے، اسلام آباد ایڈمنسٹریشن کے افسران اور لوکل گورنمنٹ کے اسٹاف، اسسٹنٹ کمشنر، مجسٹریٹ، ہیلتھ سپروائزر، سیکریٹری یونین کونسلز، سینیٹری انسپکٹرز اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں ڈی ایچ او اسلام آباد اور انچارج ڈینگی سرویلنس سیل ڈاکٹر نجیب درانی نے ڈینگی کی صورتحال پر بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے ڈینگی کے حوالے سے ہنگامی طور پر لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اجلاس میں ڈینگی فیور کے کیسز پر قابو پانے پر غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اسلام آباد کے چار دیہی علاقوں بھارہ کہو، روات، ترلائی اور سوہان کے لئے رسپانس ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جس میں تمام علاقوں میں ہائی رسک ایریا میں کیمیکل ہوگا اور مچھر مار اسپرے کیا جائے گا تاکہ اس علاقے سے ڈینگی کا سدباب کیا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ اس مہم کی ذاتی طور پر نگرانی اور مانیٹرنگ کریں اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ دی جائے۔ انہوں نے یونین کونسلز کے سیکریٹریز کو بھی ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر اسلام آباد کے دیہی علاقوں سے کچرے کے ڈرموں کو تلف کرنے کی مہم شروع کریں۔ انہوں نے محکمہ صحت کے سینیٹری انسپکٹرز اور لیڈی ہیلتھ ورکرز، سپروائزرز کو ہدایت کی کہ ڈینگی کے ہر مثبت کیس پر 24 گھنٹے کے اندر ایکشن لیا جائے۔ انہوں نے سینیٹری انسپکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ڈینگی کے مریضوں کے گھروں کے ارد گرد فیومیگیشن کا بندوبست کریں جبکہ لیڈی ہیلتھ ورکرز گھر گھر جا کر لاروے کو تلف کرنے کی مہم شروع کریں۔