راولپنڈی، ملتان میں ڈینگی سرویلنس کو بڑھایا جائے ‘ چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایت

منگل 6 اکتوبر 2015 14:03

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 اکتوبر۔2015ء)چیف سیکرٹری پنجاب خضر حیات گوندل نے راولپنڈی اور ملتان کے ڈی سی اوز کو ہدایت کی ہے کہ ان اضلاع میں انسداد ڈینگی سرگرمیاں تیز کرتے ہوئے سرویلنس پر خصوصی توجہ دی جائے۔ وہ یہاں سول سیکرٹریٹ میں راولپنڈی اور ملتان میں ڈینگی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ویڈیو لنک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

راولپنڈی اور ملتان کے ڈی سی اوز نے چیف سیکرٹری کو انسداد ڈینگی اقدامات بارے تفصیلی بریفنگ دی ۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ ڈینگی کے خاتمے کے لئے جذبے اور محنت سے کام کرنا ہو گا،مسلسل کوششوں اور عوام کے تعاون سے اس مرض پر قابو پایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ حفاظتی تدابیر بارے آگاہی بڑھانے کیلئے باقاعدہ مہم چلائی جائے اور گھروں ،سکولوں اورعوامی مقامات پر سپرے کے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے حوالے سے تمام محکمے متعین کردارتندہی سے انجام دیں۔ اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی۔ انہوں نے کہاکہ انسداد ڈینگی سے متعلق ہدایات پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور ڈی سی اوز تمام اضلاع میں انسداد ڈینگی سرگرمیوں کی خود نگرانی کریں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیر اعلی کے مشیر برائے ڈینگی ڈاکٹروسیم اکرم سپرے اور دیگر اقدامات کی نگرانی کے لئے ملتان کا دورہ کریں ۔