راولپنڈی میں ڈینگی وائرس نے خطرناک حد تک شدت اختیار کر لی

بدھ 7 اکتوبر 2015 14:53

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 اکتوبر۔2015ء) راولپنڈی میں ڈینگی وائرس نے خطرناک حد تک شدت اختیار کر لی ۔ ہولی فیملی ہسپتال میں 65 سالہ متاثرہ شخص دم توڑ گیا ۔ راولپنڈی میں ڈینگی وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 3 ہو گئی ۔ مختلف ہسپتالوں میں اب تک ہزاروں مریض لائے گئے اور 1120 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی جو زیر علاج ہیں ۔تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز راولپنڈی میں ہولی فیملی ہسپتال میں ڈینگر وائرس سے متاثرہ 65 سالہ مانسہرہ کا رہائشی اللہ دتہ دوران علاج دم توڑ گیا ۔

(جاری ہے)

اللہ دتہ کو چند روز قبل مانسہرہ سے راولپنڈی لایا گیا اور مختلف ٹیسٹ کے بعد اس میں ڈینگی وائرس کی تصدیق کی گئی اور ہسپتال میں داخل کر کے علاج شروع کیا گیا تھا مگر وہ جانبر نہ ہوسکا ۔ اللہ دتہ کی ہلاکت کے بعد راولپنڈی میں ڈینگی وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد تین ہو گئی جس میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ڈینگی سے متاثر ہزاروں افراد نے ہسپتالوں کا رخ کیا جبکہ ہولی فیملی ، بے نظیر بھٹو شہید ہسپتال ، ڈی ایچ کیو سمیت دیگر ہسپتالوں نے اب تک شہر بھر سے 1120 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق کی ہے اور تعداد بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیاہے ۔