پھلوں اور سبزیوں میں موجود قدرتی مرکبات پٹھوں کے نقصان کی روک تھام کر سکتے ہیں،طبی ماہرین

پیر 12 اکتوبر 2015 12:53

لاہور۔12 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اکتوبر۔2015ء)طبی ماہرین نے کہا ہے کہ سیب اور ٹماٹر کے دو ماہ تک استعمال سے بوڑھے افراد کے اعصاب کو نا صرف مضبوط بنایا جا سکتا ہے بلکہ ان میں ٹوٹ پھوٹ کی رفتار بھی کم کی جا سکتی ہے۔علاج بالغذا کے طبی ماہر حکیم اللہ دتہ نے کہا کہ انسان عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ جسمانی لحاظ سے فعال رہنے کے قابل نہیں رہتا ہے جس سے پٹھوں کی کمزوری ہو جاتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیدائش سے لے کر 30سال کی عمر تک انسانی جسم کے پٹھوں کی جسامت اور طاقت میں اضافہ ہوتا رہتا ہے لیکن 30سال کے بعد اعصاب اورعضلات کمزور ہونا شروع ہو جاتے ہیں جبکہ 75سال کے بعد انسان کے پٹھے ناکارہ ہو جاتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پھلوں اور سبزیوں میں موجود قدرتی مرکبات پٹھوں کے نقصان کی روک تھام کر سکتے ہیں اور انہیں ناکارہ ہونے سے محفوظ بنا سکتے ہیں۔