کراچی، ڈاکٹر سید عمران علی شاہ کا کارنامہ ، مریض کی ٹانگ کٹنے سے بچا لی

پیر 12 اکتوبر 2015 17:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اکتوبر۔2015ء)معروف آرتھوپیڈک سرجن اور اے او کلینک کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر سید عمران علی شاہ نے ایک غیر ملکی باشندے کی ٹانگ کٹنے سے بچالی اور اس کا کامیاب آپریشن کر کے اسے ٹانگ کٹنے سے بچالیا ۔ تفصیلات کے مطابق پیڈروانٹونیوکا تعلق جزیرہ ماپوتو موزمبیق سے ہے اور جو ساؤتھ افریقہ کے قریب واقع ہے۔ اسکا اپریل 2014 میں روڈ اکسیڈینٹ ہوگیا تھا جسکے باعث اسکی داہنی ٹانگ میں فریکچر ہوگیا تھا۔

ساؤتھ افریقہ میں اس کا دو مرتبہ آپریشن ہوا جو کامیاب نہ ہوسکا اور کچھ عرصے بعد اسکی ٹانگ میں اِنفیکشن ہوگیا۔ اس صورتحال کے بعد ساؤتھ افریقہ کے سرجن نے ان کی ٹانگ کاٹنے کا مشہورہ دیا۔اسی دوران ان کو ایک پاکستانی نے اے او کلینک میں رابطہ کرنے کا مشہورہ دیا۔

(جاری ہے)

اے او کلینک میں پیڈرو انٹونیو نے ڈاکٹر سید عمران علی شاہ سے رابطہ کیا۔ ڈاکٹر عمران علی شاہ نے مریض کی کنڈیشن دیکھی اور فیصلہ کیا کے وہ اپنے والد معروف اَرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر سید محمد علی شاہ سے حاصل کیے گئے تجربات کی روشنی میں ان کا آپریشن کرینگے۔

مریض کی رضا مندی کے بعد ڈاکٹر سید عمران علی شاہ نے مریض کا طویل اور کٹھن آپریشن کیا۔ اللہ کے فضل و کرم سے یہ آپریشن کامیاب رہا اور مریض ٹانگ کٹوانے سے بچ گیا۔ اس حوالے سے ڈاکٹر سید عمران علی شاہ نے بتایا کہ آئندہ چند ہفتوں کے بعد مریض کی داہنی ٹانگ کی ہڈی کا آپریشن کر کے اس کو جوڑ دیا جائے گا۔ جس کے بعد مریض اپنے پیروں پر چل کر اپنے گھر جا سکے گا۔

ڈاکٹر سید عمران علی شاہ نے کہاکہ آج کے دور میں اَرتھوپیڈک سرجری میں جدید ٹیکنیک متعارف ہونے کی بعد پیچیدہ نو عیت کے آپریشن بھی ممکن ہو گئے ہیں۔ میں اور میرے بھائی ڈاکٹر جنید علی شاہ اپنے والد ڈاکٹر سید محمد علی شاہ سے تربیت حاصل کرکے اب تک متعدد پیچیدہ نوعیت کے آپریشن بڑی کامیابی سے کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ مریض کے اہسپتال سے ڈسچارج ہونے کے وقت موزمبیق کے قونصلیٹ جنرل خالد تواب بھی موجود تھے جنھوں نے کامیاب آپریشن پر ڈاکٹر سید عمران علی شاہ کی کاوش کو سراہا اور کہا کہ بلہ شبہ یہ ایک بڑا کارنامہ ہے جس پر مریض‘ کے لواحقین بے حد خوش ہیں۔