پاکستان میں دل کے امراض کی بڑھتی ہوئی شرح کی وجہ شوگر ،کولیسٹرول کا بڑھ جانا اور سگریٹ نوشی ہے، ڈا کٹرطارق رمضان

منگل 13 اکتوبر 2015 12:06

لاہور۔13 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء) پاکستان میں دل کے امراض کی بڑھتی ہوئی شرح کی بڑ ی وجہ شوگر ،کولیسٹرول کا بڑھ جانا اور سگریٹ نوشی کی کثرت ہے۔یہ بات ممتاز و معروف فزیشن ڈا کٹرطارق رمضان نے بتا ئی انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تیس سے چالیس فیصد اموات کی وجہ دل کے امراض ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر دل کامرض والدین میں کسی کو پچاس سال کی عمر سے پہلے ہوچکا ہے تو خاندان کے دیگر افرادکے متاثر ہونے کے 50فیصد امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دل کے امراض میں کمی کے لیے ضروری ہے کہ سادہ اور زور ہضم غذا کا استعمال کیا جائے نیز فاسٹ فوڈ غذاؤں اور کولڈ ڈرنکس سے اجتناب کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ الکوحل کا استعمال بھی دل کے امراض کا ایک سبب ہے ۔علاوہ ازیں کولیسٹرول کا بڑھ جانا بھی دل کے امراض کا پیش خیمہ ہے۔اس لیے چکنائی والی غذا سمیت ڈیری مصنوعات ،گوشت ،انڈے کی زردی ،کلیجی،میتھی ،ڈبل روٹی وغیرہ سے پرہیزکرنا چاہیے۔روزانہ 30 سے 40 منٹ تک تیز پیدل چلنے سے بھی دل کے عارضہ سے خود کو محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔