چار ہفتوں کے دوران سیرالیون میں ایبولا وائرس کا کوئی مریض سامنے نہیں آیا،حکام

جمعرات 15 اکتوبر 2015 12:35

فری ٹاؤن ۔15 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 اکتوبر۔2015ء) مغربی افریقی ملک سیرالیون نے کہا ہے کہ پچھلے چار ہفتوں کے دوران ملک بھر میں ایبولا وائرس کا کوئی مریض سامنے نہیں آیا۔قومی ایبولا ریسپانس سنٹر کے سربراہ پالو کونٹے نے گزشتہ روز صحافیوں کو بتایا کہ تقریبا ایک مہینے کے دوران ملک بھر میں ایبولا کا کوئی نیا مریض نہیں سامنے آیا،کچھ ہفتے قبل آنے والے دومریضوں کو بھی ستمبر کے آخر میں ہسپتال سے فارغ کردیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کے معیار کے مطابق ملک کو ایبولا وائرس سے پاک قرار دینے کیلئے بیالیس روز تک اس کا کوئی نیا مریض سامنے نہ آنا لازمی ہے ، اگر صورتحال برقرار رہی تو آئندہ ماہ ملک کو یہ اعزاز مل بھی سکتا ہے۔یاد رہے کہ دسمبر 2013 ء میں شروع ہونے والی تاریخ کی بدترین ایبولا وباء سے اب تک مغربی افریقی ملکوں سیرالیون، لائبیریا اور گنی میں 28 ہزار سے زائد مریض رجسٹرڈ کیے گئے ہیں جن میں سے 11 ہزار تین سو افراد ہلاک ہوئے جن کی اکثریت کا تعلق سیرالیون سے تھا۔