اینٹی بائیوٹک ادویات کے اثرات میں 30 فیصد کمی کے باعث امریکہ میں سالانہ چھ ہزار اموات کا خدشہ

ہفتہ 17 اکتوبر 2015 13:39

لندن ۔17 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 اکتوبر۔2015ء) اینٹی بائیوٹک ادویات کے اثرات میں 30 فیصد کمی کے باعث امریکہ میں سالانہ چھ ہزار اموات کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق طبّی جریدے لانسٹ میں شائع ہونے والی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ اضافی اموات کا خدشہ بڑی آنت اور کولھے کی ہڈی کے آپریشن اور خون کے سرطان کے مریضوں کی کیموتھیراپی کے دوران زیادہ ہے۔

برطانوی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس تحقیق سے ان کے اس خدشے کی تصدیق ہو جاتی ہے کہ انفیکشن میں اینٹی بائیوٹک ادویات کے خلاف پیدا ہونے والی مزاحمت کی صورت میں معمول کے آپریشن متاثر ہوں گے۔انگلینڈ کے چیف میڈیکل آفیسر کا کہنا ہے کہ یہ مسئلہ گزرتے وقت کے ساتھ سنگین سے سنگین تر‘ ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

مجوزہ تحقیق میں مختلف امریکی اداروں سے تعلق رکھنے والے سائنس دانوں پر مشتمل ٹیم کے لگائے گئے اندازوں کے مطابق امریکہ میں آپریشن کے بعد انفیکشن پیدا کرنے والے نصف کے قریب جراثیم میں اینٹی بائیوٹک ادویات کے خلاف مزاحمت پائی جاتی ہے۔

انھوں نے یہ اندازہ بھی لگایا کہ کیموتھیراپی کے بعد پیدا ہونے والے چار میں سے ایک انفیکشن میں اینٹی بائیوٹک ادویات کے خلاف مزاحمت پائی جاتی ہے۔اس تحقیق کے دوران سائنس دانوں نے موجودہ رجحانات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ جاننے کی کوشش کی ہے کہ اگر اینٹی بائیوٹک ادویات کے خلاف انفیکشن کی مزاحمت میں ایک تہائی اضافہ ہوا ہے تو اس کے مریضوں پر کیا اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ سائنس دانوں کے اندازے کے مطابق امریکہ میں انفیکشن کے سالانہ تقریباً سوا لاکھ اضافی کیسز سامنے آ سکتے ہیں جبکہ سالانہ چھ ہزار تین سو اضافی اموات کا خدشہ ہے۔