معاشرے کے تمام طبقوں کو ڈینگی پر قانو پانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے ‘ بابر حیات تارڑ

ہفتہ 17 اکتوبر 2015 14:16

لاہور ( (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 اکتوبر۔2015ء))صوبائی سیکرٹری کوآپریٹو بابر حیات تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت نے مختلف رپورٹوں کی بناء پر ڈینگی کی افزائش میں تیزی کے بعد تمام محکموں کی جانب سے منظم طریقہ سے ہنگامی اور جنگی بنیادوں پر اقدامات تیز کردئیے ہیں،عوام کو فوری طور پر ڈینگی مچھروں کی افزائش کے عمل کو لگام ڈالنے کے لیے گھروں کے اندر اور چھتوں پر ان کی افزائش کے ٹھکانوں کا صفایا کرنا ہوگا جبکہ ٹائروں کی دکانوں ، گوداموں اور پانی کے جوہروں کا بھی فوری طور پر خاتمہ کرنا ہوگا، اس سلسلے میں صوبہ بھر کی کوآپریٹوہاؤسنگ سوسائٹیاں رول ماڈل کا کردار ادا کررہی ہیں جہاں پر صفائی نصف ایمان کو حقیقی فوقیت حاصل ہے۔

اس امر کا اظہار انہوں نے ٹاؤن ایڈمنسٹریشن اقبال ٹاؤن میں انسداد ڈینگی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب میں کیا۔

(جاری ہے)

مختلف محکموں کے افسران کے علاوہ مختلف یونین کونسلوں کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ صوبائی سیکرٹری کوآپریٹو نے کہا کہ تمام سرکاری محکمے ڈینگی کی وباء پر قابو پانے کے لیے دن رات محنت کررہے ہیں تاہم ان کوششوں میں بھرپور عوامی شرکت ڈینگی پر موثر انداز میں قابوپانے کے لیے ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب تمام صورت حال کی خود نگرانی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقوں کو ڈینگی پر قانو پانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کنٹرول کا نئی حکمت عملی کے تحت تمام ٹاؤن اور یونین کونسلوں میں باہمی مشاورت اور حکمت عملی کے ذریعے سپرے اور فوگنگ کی جائے۔