پنجاب میں ڈینگی کی صورتحال بدستور خراب ،مریضوں کی تعداد بڑھنے لگی، ہسپتالوں کے ڈینگی وارڈ مریضوں سے بھر گئے

پیر 19 اکتوبر 2015 16:36

لاہور /راولپنڈی /ملتان ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 اکتوبر۔2015ء) پنجاب میں ڈینگی کی صورتحال بدستور خراب ،مریضوں کی تعداد بڑھنے لگی، متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 2ہزار سے بھی تجاوز کر گئی ، راولپنڈی کے ہسپتالوں میں ڈینگی وارڈ مریضوں سے بھر گئے ، راولپنڈی کے الائیڈ ہسپتالوں نے لاہور سے خصوصی ٹیمیں بھجوانے کا مطالبہ کر دیا۔ذرائع کے مطابق ملتان اور راولپنڈی میں ڈینگی وائرس کی وبا وبائی صورت اختیار کرچکی ہے،جس کے باعث دونوں اضلاع کے سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے،جہاں ہسپتالوں میں مریضوں کوبیڈز اور ادویات کی کمی کا بھی سامنا ہے۔

راولپنڈی میں ڈینگی کی صورتحال بدستور خراب ، ڈینگی وارڈز بھرگئے ، راولپنڈی کے الائیڈ ہسپتالوں میں لائے گئے 1700سے زائد مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہو گئی ، ڈینگی سے متاثرہ مریضوں میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد شامل ہے۔

(جاری ہے)

ڈینگی وارڈز میں جگہ ختم ہو گئی ، ہولی فیملی کی ایک نرس بھی ڈینگی کا شکار ہو گئی ۔الائیڈ ہسپتالوں کے ڈاکٹرز نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈینگی کی صورتحال پر قابو پانے کیلئے صوبائی حکومت لاہور سے خصوصی ٹیمیں راولپنڈی بھیجے۔

وسری جانب ملتان میں بھی ڈینگی بے قابو ہوگیا ، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی تمام تر کوششوں کے باوجود 19مریض نشتر ہسپتال میں داخل ہوئے جس سے سرکاری ہسپتالوں میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 160تک جاپہنچی ہے۔ ملتان اور گرد و نواح میں ڈینگی پر قابو پانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ہیلتھ کی جانب سے ٹیمیں تو تشکیل دے دی گئی ہیں لیکن اس کے باوجو بھی شہر کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 146تک جا پہنچی ہے ۔

محکمہ ہیلتھ کی جانب سے ڈی سی او آفس میں ڈینگی کنٹرول سنٹر کے قیام کے بعد متعدد ٹیمیں بھی بنائی گئی ہیں لیکن تاحال یہ ٹیمیں ڈینگی پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہیں جس سے شہریوں میں بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ، جبکہ دوسری جانب محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ عوام بھی ڈینگی کے خاتمے کے لئے تعاون کریں ۔لاہور میں اب تک متاثرہ مریضوں کی تعداد 20ہے ۔جبکہ صوبے بھر میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد تعداد 2ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔