راولپنڈی کانگو وائرس کے باعث ایک مریض چل بسا

منگل 20 اکتوبر 2015 13:54

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20 اکتوبر۔2015ء) راولپنڈی کانگو وائرس کے باعث ایک مریض چل بسا ۔ رواں سال ملک بھر سے کانگو وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد ایک درجن سے زائد ہو گئی ۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز راولپنڈی میں ہولی فیملی ہسپتال میں گزشتہ تین ماہ سے کانگو وائرس میں مبتلا زیر علاج مریض محمد حنیف دوران علاج چل بسا ۔

(جاری ہے)

محمد حنیف کا تعلق تحصیل مری کے علاقے لورا سے تھا جس کو تین ماہ قبل مری کے ہسپتال سے راولپنڈی منتقل کیا گیا تھا ہسپتال انتظامیہ کے مطابق محمد حنیف کے لئے ہسپتال میں علیحدہ سے وارڈ مختص کی گئی تھی اور
دوسرے مریضوں سے الگ رکھ کر اس کا علاج کیا جا رہا تھا ۔

ہسپتال میں کانگو وائرس سے نمٹنے کے حوالے سے کوئی خاطر خواہ نظام نہیں تھا اس لئے مریض کے لواحقین کو مشورہ دیا تھا کہ اس کا علاج کسی اور ہسپتال یا بیرون ملک سے کروایا جائے تاہم رقم کی کمی کی وجہ سے لواحقین نے اس کا علاج راولپندی سے ہی کروایا ۔ مریض کی جان بچانے کی ہر ممکن کوششیں کیں مگر وہ جانبر نہ وہ سکا ۔ واضح رہے کہ رواں سال کانگووائرس کے باعث اب تک ایک درجن سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ سب سے زیادہ ہلاکتیں خیبرپختونخوا میں ہوئیں ۔